پنجاب،24پرائمری سٹروک سنٹر30جون تک فعال کرنیکا ہدف

پنجاب،24پرائمری سٹروک سنٹر30جون تک فعال کرنیکا ہدف

فنکشنل 15پرائمری سٹروک سنٹر میں 700فالج زدہ مریضو ں کو انجکشن لگائے مریم نواز کی ہدایت پر ایڈوائزری کمیٹی قائم، سلمان رفیق سربراہ، قاسم بشیرکنوینر

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نوازنے سی ایم سٹروک پروگرام فیز ون کے تحت صوبہ بھر میں مزید 24 پرائمری سٹروک سنٹر 30جون تک فنکشنل کرنے کا ہدف مقررکردیا،پرائمری سٹروک سنٹر میں نیور الو جسٹ اور نیوروسرجن تعینات کیے جائیں گے ، پرائمری سٹروک سنٹرز میں فالجزدہ مریضوں کے فوری علاج کے لئے ڈاکٹرز کی خصوصی ٹریننگ بھی مکمل کر لی گئی، وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سی ایم سٹروک مینجمنٹ پروگرام کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی،رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں فنکشنل 15 پرائمری سٹروک سنٹر میں 700 فالج زدہ مریضو ں کو انجکشن لگائے گئے اوروہ زندگی بھر کی معذوری سے بچ گئے ، وزیراعلیٰ نے پرائمری سٹروک سنٹر فیز ٹو کے تحت مزید17 شہرشامل کرنے کی منظوری دے دی،چکوال، پاکپتن، مظفرگڑھ، راجن پور، میانوالی، بہاولنگر، حافظ آباد، چنیوٹ اور لودھراں میں فیز ٹو میں پرائمری سٹروک سنٹر بنیں گے ،پرائمری سٹروک سنٹر فیز ٹو میں خوشاب، اوکاڑہ، اٹک، ننکانہ صاحب،وزیر آباد، مری، کوٹ ادو اور تلہ گنگ بھی شامل ہیں ۔

پنجاب میں چار مزید مکینکل تھرومبکٹامی سنٹرز (نیورو سرجری وغیرہ کے لئے جامع سٹروک سنٹر) بنانے کی بھی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سی ایم سٹروک پروگرام کیلئے ایڈوائزری کمیٹی قائم کر دی گئی،سی ایم سٹروک پروگرام کے لئے 12رکنی ایڈوائزری کمیٹی کی سربراہی خواجہ سلمان رفیق کریں گے ۔ ایڈوائزری کمیٹی کے پروفیسر قاسم بشیرکنوینر مقررکر دئیے گئے ۔دریں اثنا مریم نواز نے بنوں میں خودکش حملے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی اور فیصل آباد میں لفٹ گرنے سے تین مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں