سندھ ،امتحانات سے 4 روز قبل میٹرک بورڈ کے ناظم امتحانات تبدیل

سندھ ،امتحانات سے 4 روز قبل میٹرک بورڈ کے ناظم امتحانات تبدیل

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)صوبائی محکمہ برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے میٹرک کے امتحانات سے محض 4روز قبل ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات کو تبدیل کردیا۔

 اشتہار کے ذریعے میرٹ پر تقرری کے بجائے ناظم امتحانات ضیاء الحق کو ہٹاکر ان کی جگہ لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے افسر کو کراچی بورڈ میں ناظم امتحانات تعینات کردیا۔سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے نوٹی فکیشن کے مطابق احمد خان چھٹو کی تعیناتی ایک سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر کی گئی ، احمد خان چھٹو لاڑکانہ بورڈ میں انسپیکٹر آف انسٹی ٹیوشنز کے عہدے پر تعینات تھے اور بظاہر انہیں امتحانات سے متعلق کوئی تجربہ نہیں ہے ، اس کے باوجود ان کی تعیناتی سندھ کے ایک ایسے تعلیمی بورڈ میں کی گئی ہے جو طلبہ کی تعداد کے لحاظ سے صوبے کا سب سے بڑا تعلیمی بورڈ ہے ۔نویں اور دسویں جماعتوں کے امتحانات میں میٹرک بورڈ کراچی کے تحت سوا 3 لاکھ سے زائد امیدوار شریک ہوتے ہیں اور اب ان سوا 3 لاکھ سے زائد طلبہ کا تعلیمی مستقبل ایک ایسے افسر کے ہاتھ میں ہے جسے اس قدر بڑے امتحانات کے انعقاد کا کوئی سابقہ تجربہ نہیں ۔ قبل ازیں ا نہیں چند ماہ قبل انٹر بورڈ کراچی میں بھی ناظم امتحانات تعینات کردیا گیا تھا،تاہم وہ چارج لیے بغیر ہی واپس چلے گئے اور ناظم امتحانات کے عہدے پر کام شروع نہیں کرسکے اب یہ دوسرا موقع ہے کہ ا نہیں میٹرک بورڈ کراچی میں ناظم امتحانات تعینات کیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں