سبسڈی منتقلی شروع ، عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے : وزیراعظم

 سبسڈی منتقلی شروع ، عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے : وزیراعظم

بھٹو کا آئین کی تیاری ،جمہوریت کے فروغ میں کردار ،خدمات یاد رکھی جائیں گی

لاہور(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ریلیف کی رقم پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے حامل افراد کو ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے ، ایک موثر اور شفاف نظام کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ کی بسوں اور ویگنوں، اور گڈز ٹرانسپورٹ کے ٹرکوں اور مال بردار گاڑیوں کو سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی شروع کر دی گئی ہے ۔کوشاں ہیں کہ معاشی طور پر کمزور طبقے پر ریلیف کی فراہمی جلد سے جلد ممکن ہو،مشکل وقت میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ۔ خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور حکومت کی جانب سے عوامی ریلیف کے اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا مشکل حالات میں عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،حکومتی کفایت شعاری و سادگی کے اقدامات سے بچائی گئی رقم کو عوام پر خرچ کریں گے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر حکومت کے عوام کو ریلیف کے اقدامات کے نفاذ پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا،بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں،اجلاس کو عوامی ریلیف کے اقدامات کے نفاذ پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ذوالفقار علی بھٹو نے وزیراعظم کی حیثیت سے ملک کی ترقی و خوشحالی اور مضبوط دفاع کے تناظر میں خلوص نیت سے گراں قدر خدمات پیش کی، آئین پاکستان 1973 کی تیاری اور منظوری میں ذوالفقار علی بھٹو نے تعمیری کردار ادا کیا۔

1973 کے آئین کو ملک میں پارلیمانی نظام کی مضبوطی اور جمہوریت کے فروغ میں کلیدی حیثیت حاصل ہے ، ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت میں عوامی طرز حکمرانی اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے قابل قدر کاوشیں کیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے ایسٹر کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا پاکستان کی مسیحی برادری تمام پیشہ و رانہ شعبوں میں، ملکی معاشی و معاشرتی ترقی کے لیے قابل فخر، قابل قدر اور بڑا فعال کردار ادا کر رہی ہے ۔ ہم دعاگو ہیں کہ خوشیوں کا یہ دن مسیحی برادری، ہمارے ملک اور دنیا بھر کے لیے امن و استحکام اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں