بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا : خواجہ آصف
ڈرامہ رچانے کی کوشش کی تو جواب دیتے ہوئے کلکتہ تک پہنچا کر آئیں گے خطے میں امن قائم ہونا چاہیے ، دعا کریں پاکستان اپنے کردار میں سرخرو ہو
لاہور،سیالکوٹ(نمائندہ دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے ، اگر بھارت نے کوئی ڈرامہ رچانے کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا اور جواب دیتے ہوئے کلکتہ تک پہنچا کر آئیں گے ،پاکستانی افواج نے بھارت کو جنگ میں عبرتناک شکست دی ہے ۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت اپنے لوگوں یا قید پاکستانیوں کی لاشیں پھینک کردہشتگردی کا ڈرامہ رچانا چاہ رہا ہے، پاکستان ایئرفورس نے بھارت کے اندر گھس کر اسے مارا ہے، اگر اس دفعہ بھارت نے کوئی حرکت کی تو کلکتہ تک پہنچا کرآئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن قائم ہونا چاہیے اور برادر ممالک کے درمیان اتفاق ہونا ضروری ہے ،پاکستان امریکا ایران جنگ مذاکرات میں انتہائی اہم کردارادا کر رہا ہے ، دعا کریں پاکستان اپنے کردار میں سرخرو ہو۔خواجہ آصف نے کہا کہ دعا کریں خطے میں امن قائم ہو،برادرممالک میں اتفاق ہو۔امت مسلمہ ایک نبی حضرت محمد ؐ کے ماننے والی ہے اور ان کی سنت ؐپر عمل پیرا ہے ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ امت کو تفرقہ بازی سے نجات دے ۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ میں اس وقت جتنے اتحاد کی ضرورت ہے ، شاید اتنی گزشتہ 1400 سال میں نہیں تھی۔