بھارتی طیارہ بردار جہازکو غرق کرنے کیلئے بالکل تیار تھے : نیول چیف
معرکہ حق میں بھارتی بحریہ کومحفوظ پناہ گاہوں تک محدود رہنے پر مجبورکر دیا پاک نیوی جدیدٹیکنالوجیزسے لیس ،چیلنج کیاتودشمن کوبھرپور جواب دینگے
کراچی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)پاک بحریہ دشمن کی اہم تنصیبات اور بحری اثاثوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے جدید ترین پلیٹ فارمز اور مخصوص ٹیکنالوجیز سے لیس ہے ، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے دوسرے پی این ملجم کلاس کارویٹ، پی این ایس خیبر کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت کی تقریب کے دوران ایک مضبوط، متوازن اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس بحریہ کی اہمیت پر زور دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اہم بحری تجارتی اور توانائی کی گزرگاہوں پر پاکستان کے تزویراتی محلِ وقوع کا تقاضا ہے کہ قومی مفادات کے تحفظ اور بحری تجارتی راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے ایک طاقتور بحری قوت موجود ہو۔نیول چیف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ معرکہ حق کے دوران پاک بحریہ بھارتی طیارہ بردار جہاز کو غرق کرنے کے لیے بالکل تیار تھی جس نے بھارتی بحریہ کو اپنی محفوظ پناہ گاہوں تک محدود رہنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران بحری آپریشنز کی مہارت اور طرزِ عمل یہ واضح پیغام دیتا ہے کہ پاکستان کے بحری مفادات کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کو دشمن کی اہم تنصیبات اور بحری اثاثوں کو نشانہ بنانے کے لیے جدید ترین پلیٹ فارمز اور مخصوص ٹیکنالوجیز سے لیس کیا جا رہا ہے ۔ پی این ایس خیبر جیسے جدید پلیٹ فارمز اور مستقبل میں شامل ہونے والی ہنگور کلاس آبدوزیں پاک بحریہ کی جدت میں ایک سنگ میل ہیں، جو آپریشنل استعداد، جنگی قوت اور تزویراتی رسائی کو مزید وسعت دیں گی ۔اپنے خطاب کے اختتام پر نیول چیف نے پی این ایس خیبر کے عملے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور سمندری حدود کے محافظ کے طور پر خودمختار سمندروں کے دفاع اور اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کے پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ کیا۔دوسری جانب صدر مملکت اور وزیراعظم نے جدید ترین بحری جہاز پی این ایس خیبر کی پاک بحریہ میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ نے معرکہ حق کے دوران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ مضبوط، متوازن اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحریہ موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے ۔
حکومت پاک بحریہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔صدر مملکت نے کہا کہ پی این ایس خیبر کی شمولیت پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تیاری میں مسلسل بہتری کا مظہر ہے ۔ بدلتے ہوئے علاقائی تناظر میں مضبوط بحری قوت قومی خودمختاری کے تحفظ کا اہم ستون ہے ۔ پاکستان اپنی سمندری سرحدوں کے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بحریہ میں جدید جنگی جہاز پی این ایس خیبر کی شمولیت کو باعث فخر قرار دیااور کہا اہم پیش رفت پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک سنگ میل ہے ۔ پاکستان سے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے بڑے بحری راستے گزرتے ہیں۔ مضبوط، متوازن اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحریہ ناگزیر ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت نے دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔ پاکستان اپنی خودمختاری اور بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔