مہنگاپٹرول،بلوچستان رکن اسمبلی کا احتجاجاََ اونٹ پر سفر
زابد علی ریکی نے اپنے حلقہ واشک میں اونٹ پر شاہرا ہو ں کا دورہ کیا
واشک(نامہ نگار )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف جے یو آئی کے مرکزی رہنما ایم پی اے و خادمِ واشک میر زابد علی ریکی نے منفرد اور روایتی انداز میں احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے اونٹ پر سواری کی اور اپنے حلقہ انتخاب واشک ہیڈکوارٹر کی مختلف شاہراہوں پر گشت کیا۔ اس موقع پر عوام اور نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی ان کے ہمراہ موجود رہی۔انہوں نے عوام سے ملاقاتیں کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت ملکی اور خصوصا بلوچستان کے دیرینہ مسائل کے حل میں سنجیدہ نظر نہیں آتی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر مزید معاشی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگے پٹرول کے باعث عام آدمی کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، اسی لیے انہوں نے عوامی احساسات کی ترجمانی کے طور پر اونٹ پر سواری اختیار کی۔حاجی میر زابد علی ریکی کی اس علامتی سواری کو مقامی لوگوں اور خصوصاً نوجوانوں نے سراہتے ہوئے اسے بلوچ ثقافت کے فروغ اور سادگی و عوامی وابستگی کی ایک مثبت مثال قرار دیا۔ عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف مہنگائی کے خلاف آواز بلند ہوئی بلکہ بلوچی روایات کو بھی اجاگر کرنے کا پیغام ملا۔سیاسی و سماجی حلقوں میں اس منفرد احتجاجی انداز کو خاصی توجہ حاصل ہو رہی ہے اور اسے عوامی مسائل کے ساتھ یکجہتی کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔