کوہستان مالی سکینڈل:عدالت کا منجمد اثاثے تحویل میں لینے کا حکم
عدالت کا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو حکم، احتساب عدالت نے اثاثے منجمد کرنیکی توثیق کی نامزد تین ملزمان نے بے نامی داروں کے نام مختلف سیکٹرز میں پلاٹس اور گھر خریدے
اپر کوہستان (این این آئی) اپر کوہستان مالیاتی سکینڈل میں مزید پیش رفت سامنے آگئی ہے ،چار بے نامی داروں کے اثاثے منجمد کرنے سے متعلق نیب کی درخواست پر احتساب جج محمد حامد مغل نے اثاثے منجمد کرنے کی توثیق کر دی۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو منجمد اثاثے تحویل میں لینے کا حکم دیا۔ نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر حبیب اللہ بیگ کے مطابق عمر فاروق، محمد ایاز، محمد عمر اور عبدالحنان بے نامی دار ہیں۔ نامزد تین ملزمان نے مذکورہ بے نامی داروں کے نام پر اثاثے بنائے ، اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں پلاٹس اور گھر خریدے گئے ۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق ڈی جی نیب نے 18مارچ کو مذکورہ بے نامی داروں کے اثاثے منجمد کیے تھے ، عدالت سے ڈی جی نیب کے احکامات کی توثیق کی استدعا ہے۔