خوشاب کے قریب ٹرین پٹری سے اتر گئی، 2 مسافر زخمی
کندیاں،خوشاب(نمائندگان دنیا)لاہور سے میانوالی آنے والی میانوالی ایکسپریس ایک بار پھر خوشاب کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی، صبح سویرے ٹرین کی 6 مسافر بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس سے 2 مسافر زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق رواں ہفتے کے دوران یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے ،حادثے کے وقت ٹرین میں موجود مسافروں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں تاہم خوش قسمتی سے بڑا نقصان نہیں ہوا ۔مسلسل پیش آنے والے واقعات نے میانوالی تا سرگودھا ریلوے ٹریک کی خستہ حالی کو بے نقاب کر دیا ہے جبکہ شہریوں نے حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔حادثے کے بعد لوکو شیڈ کندیاں سے ریلیف ٹرین جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ۔