ایل پی جی ریکارڈ مہنگی، 500 روپے فی کلو تک فروخت

ایل پی جی ریکارڈ مہنگی، 500 روپے فی کلو تک فروخت

پشاور، لاہور،کراچی ودیگر شہروں میں سرکاری نرخ سے 200روپے زائد وصولی

پشاور،لاہور،کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 500 روپے کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی، پشاور، لاہور اور کراچی سمیت دیگر شہروں میں مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہے ، صارفین کے مطابق ایک کلو ایل پی جی سرکاری نرخ سے 200 روپے زائد میں فروخت ہو رہی اور یہ 500 روپے فی کلو کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی۔ پشاوراورکوئٹہ میں فی کلو ایل پی جی 250 روپے سے بڑھ کر 500 روپے تک پہنچ گئی۔ شرقپور شریف اور دیگر علاقو ں میں دکاندار مبینہ طور پر 480سے 500روپے فی کلو ایل پی جی فروخت کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار مصنوعی قلت پیدا کر کے من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔

مظفرگڑھ ضلع میں ایل پی جی 530 روپے فی کلو تک اور 11اعشاریہ 8 کلو کا ایل پی جی سلنڈر 5800 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ پختونخوا میں ضروریات زندگی کی تمام اشیا اور ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے ، گزشتہ روز پشاور میں سی این جی سٹیشنز اچانک بند کر دیئے گئے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بندش کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔ چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز عبدالہادی خان کے مطابق سپلائی کم اور ڈسٹری بیوٹرز کو مال مہنگا مل رہا ، اسی وجہ سے زائد قیمت پرایل پی جی فروخت ہو رہی ہے، اوگرا اور امپورٹرز قیمتوں میں اضافہ روکنے میں ناکام ہیں جس سے بحران بڑھ رہا ۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ایران سے سپلائی متاثر ہونے کے باعث قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں