ایم ڈی کیٹ شیڈول تبدیل، FSc امتحان کے بعد انعقاد کا فیصلہ
ٹیسٹ ایف ایس سی نصاب کے مطابق ہو گا، 65فیصد نمبر لینا لازمی ہے امتحان دینے والے طلبہ ایم ڈی کیٹ شریک ہو سکیں گے :پی ایم ڈی سی
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے آئندہ تعلیمی سال کیلئے میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ امتحان کے شیڈول میں تبدیلی اور ٹیسٹ ایف ایس سی کے نصاب کے مطابق ہی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایم ڈی کیٹ امتحان ایف ایس سی امتحان ختم ہونے کے پندرہ دن کے اندر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پی ایم ڈی سی قبل ازیں ایف ایس سی امتحان کے نتائج کے بعد ایم ڈی کیٹ امتحان منعقد کرتا تھا۔
پی ایم ڈی سی نے رواں سال ایف ایس سی امتحان دینے والے تمام طلبہ کو ایم ڈی کیٹ امتحان میں شرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے ، تاہم ایف ایس سی میں 65 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہو گا، چاہے مذکورہ طلبہ ایم ڈی کیٹ امتحان میں کامیاب ہو جائیں ۔ پی ایم ڈی سی کے مطابق آئندہ سال ایم ڈی کیٹ امتحان ایف ایس سی نصاب کے مطابق لیا جائے گا اور طلبہ کو کسی دوسرے نصاب کی تیاری نہیں کرنی ہو گی۔