سادہ روٹی 5 روپے مہنگی ، بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں بھی اضافہ

سادہ روٹی 5 روپے مہنگی ، بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں بھی اضافہ

رس، باقرخانی، بریڈ ، کیک اور دیگر مصنوعات کی قیمتیں 20روپے تک بڑھیں

لاہور ،اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی،خصوصی رپورٹر،این این آئی)صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں روٹی کی قیمت از خود 15 اور 16 روپے سے بڑھا کر 20 روپے کر دی گئی جس پر لوگوں کے اندر شدید رد عمل پایا جاتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ ہی دکانداروں نے روٹی ، اشیائے ضرورت و خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔ جوہر ٹائون کے علاقہ جے بلاک کی مارکیٹ ایمان بزنس سنٹر میں نانبائی حضرات نے سادہ روٹی کی قیمت میں پانچ روپے کا اضافہ کر کے روٹی 20روپے کی کر دی ۔ عوام نے متعلقہ انتظامیہ کو نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔

تندور مالکان کا کہنا ہے کہ روٹی کی قیمت میں اضافہ کا جواز ہے تو ہم نے کیا ہے ۔دریں اثنا دو ہفتوں کے دوران مختلف بیکری آئٹمزکی قیمتوں میں دوسری مرتبہ اضافہ کر دیا گیا ہے ۔مختلف برانڈز نے قیمتوں میں10سے 20روپے تک اضافہ کیا ہے جس کے بعد رس کا بڑا پیکٹ20روپے اضافے سے 250روپے ،چھوٹا پیکٹ 20روپے اضافے سے 150روپے ،باقر خانی ڈبل پیک کی قیمت20روپے اضافے سے 120روپے ہو گئی ،سادہ کیک چھوٹا 10روپے اضافے سے 100روپے ،بڑا کیک 20روپے اضافے سے 220روپے ،میڈیم بریڈ500گرام 10روپے اضافے سے 160روپے ،براؤن بریڈ340گرام کی قیمت بھی 10روپے اضافے سے 160سے بڑھ کر170روپے ہو گئی ۔دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں بھی 5سے 10روپے تک اضافہ کیا گیا ہے ۔ادھر اسلام آباد میں مہنگی روٹی بیچنے پر 11 تندور سیل کرکے 47 افراد کو گرفتارکر لیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں