تیل قیمتوں میں اضافہ واپس ، ورنہ احتجاج کرینگے ،انجمن تاجران
نانبائی مہنگا آٹا لیکر سستی روٹی نہیں بیچ سکتے ، گرفتارتاجر رہا کریں ،صدراجمل بلوچ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدراجمل بلوچ نے کہا ہے کہ نانبائی مہنگا آٹا خرید کر سستی روٹی نہیں بیچ سکتے ،حکومت گرفتار کئے گئے تمام تاجروں کو فوری رہا کرے ورنہ سخت احتجاج ہو گا ،مل بیٹھ کر روٹی کی قیمت مقرر کی جائے ، عدالتی احکامات کا احترام کیا جائے ۔ حکومت فوری طور پر پٹرول کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے بصورت دیگر ملک بھر کے سوا کروڑ تاجرسڑکوں پر احتجاج کرینگے۔
اجمل بلوچ نے صدر کیپٹل نانبائی ایسوسی ایشن سجاد علی عباسی،بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی ،حنیف میر، سردار محمد ادریس و دیگر کے ہمراہ نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاکستان میں سب کا مفت پٹرول مفت بجلی مفت گیس اورمفت کی گاڑیاں بند ہونی چاہئیں۔ عدالت کے سٹے کے باوجود نانبائیوں پر اسلام آباد انتظامیہ کا کریک ڈاؤن ظالمانہ قدام ہے۔