مریم نواز کی گوجرانوالہ،ملتان،سیالکوٹ میں فری ٹرانسپورٹ پائلٹ کی منظوری

مریم  نواز کی گوجرانوالہ،ملتان،سیالکوٹ میں فری ٹرانسپورٹ پائلٹ کی منظوری

پیرا کو ایل پی جی کے نرخ ریگولیٹ کرنے ، ستھرا پنجاب کو قبرستانوں میں صفائی مہم شروع کرنے کا حکم چینی وفد کی ملاقات، لاہور میں سولر پینل مینوفیکچرنگ پر اتفاق،بارشوں پر انتظامیہ کوالرٹ کردیا

 لاہور(سٹاف رپورٹر،نیوزایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں صفائی کی صورتحال میں بہتری کیلئے دو ہفتے کی ڈیڈ لائن دیدی ۔وزیراعلیٰ کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس میں تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر نے ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس میں فی کلو میٹر ٹرانسپورٹ کرایوں کا تعین کرنے کیلئے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی گئی ۔ اجلاس میں پبلک ٹرانسپورٹ سے محروم 17 اضلاع میں فری ٹرانسپورٹ چلانے پر غور کیا گیا اور گوجرانوالہ، ملتان اور سیالکوٹ میں فری ٹرانسپورٹ پائلٹ کی منظوری دے دی گئی ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے ا شیا ئے خور ونوش کے ڈی سی ریٹ کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور پیرا کو صوبہ بھر میں ایل پی جی کے نرخ ریگولیٹ کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں لاہور سمیت ہر ضلع میں پیاز، ٹماٹر، آلو، کیلا اور دالوں سمیت 23 اشیا ئے خور ونوش کے موجود ہ نرخوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور صوبے بھر میں پرائس کنٹرول کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں آٹا کے نرخ سندھ ، کے پی اور بلوچستان سے کم ہیں ۔ بیشتر دالوں، پھلوں اور سبزیوں کے نرخ بھی دیگر صوبوں سے نسبتاً کم ہیں۔ وزیراعلیٰ نے عوام کو نوٹیفائڈ نرخ سے مہنگی اشیاء بیچنے والوں سے خریداری نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ضروری اشیا ئے خورو نوش کی ذخیرہ اندوزی کے سدباب کیلئے اقدامات کا حکم دیا اور اسسٹنٹ کمشنرز کو گلی گلی میں جوہڑ اور تالاب کا سروے کرنے کی ہدایت کی اور ہر یونین کونسل میں جوہڑوں کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کا حکم دیا ، وزیراعلیٰ نے شجر کاری،کتے کے کاٹنے ،زیبرا کراسنگ، سٹریٹ لائٹس، گرین بیلٹ اور دیگر کے پی آئیز پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کی اور جھنگ میں صفائی کی صورتحال پر ناپسندیدگی کا اظہارکرتے ہوئے 24 گھنٹے میں منتخب یونین کونسل کی مکمل صفائی کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ستھرا پنجاب کو قبرستانوں میں صفائی مہم دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے اوپن ڈرینج میں اموات کے واقعات پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ غیر محفوظ جوہڑ کی موجودگی ڈی سی کی ناکامی سمجھی جائیگی۔

اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے اہداف پربھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کوڑا کرکٹ کی نشاندہی کی شکایت پر ناپسندیدگی کا اظہارکیا۔اجلاس میں صفائی کے نظام میں بہتری کیلئے اے آئی کی معاونت سے ہر یونین کونسل کی گلیوں میں کارکنوں کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کیلئے ڈیجیٹل میپنگ شروع کرنے اور صفائی کے نظام کیلئے ستھرا پنجاب کا بیٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر اے آئی کمپلینٹ ہیلپ لائن کیلئے ستھرا پنجاب ہیرو متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں کوڑا کرکٹ کی نشاندہی کیلئے اے آئی بیسڈ ویسٹ ڈیٹیکشن آٹو موبائل پائلٹ پراجیکٹ پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مختلف شہروں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر نظر آنا افسوسناک ہے ۔وزیراعلیٰ سے چین کے معروف کاروباری ادارے کنلون گروپ اور سندر گرین گروپ کے وفد نے ملاقات کی۔سندرگرین گروپ اور کنلون گروپ کے اشتراک سے لاہور میں سولر پینل مینوفیکچرنگ شروع کرنے پر اتفاق کیاگیا۔کنلون گروپ سے 50 ہزار طلبہ کوچین میں ایڈوانس ووکیشنل اینڈ انڈسٹریل ٹریننگ کرانے پر اتفاق ہوا۔

لاہور میں باہمی اشتراک کار سے ہزار ایکڑ پر انڈسٹریل اسٹیٹ پراجیکٹ کی اصولی منظوری دی گئی۔پنجاب میں کوئلہ سے پیٹروکیمیکل مصنوعات حاصل کرنے کی ٹیکنالوجی منتقل کرنے کا جائزہ لیاگیا۔ مریم نواز نے چینی اور مقامی سرمایہ کاروں کو انڈسٹریلائزیشن کے لئے بھرپور معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ انڈسٹریلائزیشن کے فروغ کے لئے سٹارٹ ٹو ڈے  پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ چین اور پاکستان دوستی کے اٹوٹ رشتے میں بندھے ہیں،چین پسندیدہ ملک ہے ، پہلا سرکاری دورہ بھی چین کا ہی کیا۔دریں اثنا وزیراعلی ٰ نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے جدید مشینری سے بار شی پانی کا جلد از جلد نکاس یقینی بنانے کی ہدایت کی ، وہ مختلف شہروں میں بارشی پانی کی نکاسی کے لیے خود متحرک رہیں اور پانی کے نکاس کے لیے ایمرجنسی آپریشن کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی۔ لاہور کے بیشتر علاقوں سے پانی کا نکاس مکمل کر دیا گیا۔ دیگر شہروں میں بھی نکاسی آب کی بھرپور کاوش کی گئی۔ وزیراعلی ٰنے واسا ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور مزید محنت کی تلقین کی جبکہ صحت کے عالمی دن پرخصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہرانسان کا حق ہے کہ اسے معیاری صحت کی سہولیات میسر ہوں، پنجاب حکومت کی حفظان صحت پر خصوصی توجہ مرکوز ہے ، صحت ہی سب سے بڑی دولت ہے ، اس کی حفاظت کریں اور ایک صحت مند مستقبل کی بنیاد رکھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں