برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، تعاون پر اتفاق
اسلام آباد(نامہ نگار) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال، عالمی توانائی منڈیوں پر اس کے اثرات اور پاکستان کے توانائی و معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے کے امکانات، علاقائی بحران اور اس کے پٹرولیم سپلائی چین، قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مجموعی توانائی تحفظ پر اثرات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار سراہا، کشیدگی میں کمی اور عالمی امن کے فروغ کیلئے ثالثی کوششوں کی تعریف کی۔ ہائی کمشنر نے کہا بین الاقوامی غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل دستیابی یقینی اور مارکیٹ میں بگاڑ سے بچاؤ ممکن بنایا۔ علی پرویز ملک نے کہا پاکستان امن و استحکام کے فروغ کیلئے مکالمے اور سفارتی روابط جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے ، حکومت بحران کے پرامن حل کیلئے فعال کردار ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا 2022 میں اختیار کئے گئے پاپولزم اقدامات معیشت کیلئے نقصان دہ ثابت ہوئے اس لئے حکومت نے سپلائی چین کے استحکام کو ترجیح دی۔ فریقین نے توانائی، سلامتی، معدنی، سرمایہ کاری کے فروغ، پائیدار ترقی کیلئے تکنیکی تعاون اور ادارہ جاتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔