پاکستان اور ترکیہ کے 20ویں ہائی لیول ملٹری ڈائیلاگ مکمل

پاکستان اور ترکیہ کے 20ویں  ہائی لیول ملٹری ڈائیلاگ مکمل

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی) پاکستان ترکیہ ہائی لیول ملٹری ڈائیلاگ گروپ (ایچ ایل ایم ڈی جی) کے 20 ویں دور کا انعقاد راولپنڈی میں وزارتِ دفاع میں ہوا۔

وزارت دفاع سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی ہلالِ امتیاز (ملٹری)، سیکرٹری دفاع اور ایچ ایل ایم ڈی جی کے شریک چیئرمین نے کی، جبکہ ترک وفد کی قیادت جنرل لیونت ارگن، نائب سربراہ ترک جنرل سٹاف اور مکالمے کے شریک چیئرمین نے کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر جامع اور تعمیری گفتگو ہوئی، جس میں علاقائی سلامتی، دفاعی و عسکری تعاون، دفاعی صنعت میں اشتراک، تربیت و استعداد کار میں اضافہ اور دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات شامل تھے ۔مکالمے کے اختتام پر شریک چیئرمینز نے اختتامی کلمات ادا کیے اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔طرفین نے ایچ ایل ایم ڈی جی کے 20 ویں دور کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے باقاعدہ روابط جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔دریں اثنا ترک جنرل سٹاف کے نائب سربراہ جنرل لیونت ارگن نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیااور چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی،آئی ایس پی آر کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر سربراہ پاک بحریہ نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے مابین دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا گیا،دوسری طرف جنرل لیونت ارگن نے وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ مستقبل میں قریبی رابطوں اور اعلیٰ سطحی تبادلوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں