پنجاب :مارکیٹیں رات 8 ، ریسٹورنٹس 10 بجے بند کرنیکا نوٹیفکیشن جاری
لاہور(کامرس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کفایت شعاری اقدامات نافذ،لاہور سمیت پنجاب بھر میں دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے ،شادی ہالز اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
جبکہ سرکاری گاڑیوں کے فیول کوٹے میں 50 فیصد کمی کے ساتھ نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی بھی نافذ کر دی گئی ، سرکاری میٹنگز آن لائن پلیٹ فارمز پر منعقد کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔سرکاری افسروں کے پروٹوکول اور سکیورٹی گاڑیوں کو محدود کر دیا گیا، سرکاری سطح پر عشائیوں پر پابندی لگا دی گئی ہے تاہم غیر ملکی وفود کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کام کے اوقات کار ہفتے میں 4 دن تک محدود کر دیئے گئے ہیں۔دوسری جانب مارکیٹس بازار اور دکانیں رات8 بجے بند کرنے سے لاہور کی ہول سیل مارکیٹیں نسبتاً کم اور ریٹیل مارکیٹس زیادہ متاثر ہونگی، 40 ارب روپے کے یومیہ کاروبار میں بڑا حصہ ہول سیل مارکیٹس کاہوتا ہے ، ان مارکیٹس میں معمول کے دنوں میں بھی کاروبار 8 سے نو بجے تک ختم ہوجاتا ہے ،لیکن ریٹیل مارکیٹس میں کاروباری سرگرمیاں شام 6 بجے سے رات 11 تک جاری رہتی ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومتی فیصلے سے ریٹیل مارکیٹس کی سرگرمیاں کم متاثر ہونگی تاہم ہول سیل مارکیٹس جہاں یومیہ 25 سے 30 ارب روپے کا کاروبار ہوتا ہے وہ زیادہ متاثر ہو نگی ۔لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ ٹیکس اہداف کے حصول کیلئے کاروباری سرگرمیوں کا تسلسل ضروری ہے ،حکومت مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے کے فیصلے پر فوری نظرثانی کرے ،صدر انجمن تاجران لاہور شاہد نذیر ،لاہور سپرسٹورز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر مردان علی زیدی نے بھی کہا ہے کہ حکومت اوقات کار پر نظر ثانی کرے ۔