لیبیا کشتی حادثہ ،پنڈی بھٹیاں ، پھالیہ کے 11نوجوان جاں بحق
حادثے میں 70افراد لاپتہ ، بچ جانے والے اور لاشیں اٹلی کے جزیرے پر منتقل
پنڈی بھٹیاں ، پھالیہ ،نو شہرہ ورکاں (نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )ڈنکی لگا کر یور پ جانے کے خواہشمند افراد کی کشتی لیبیا کے قریب سمند ر میں ڈوب گئی ،پنڈی بھٹیاں کے 5 ، پھالیہ کے 6 نوجوا ن جان کی بازی ہار گئے جبکہ نو شہرہ ورکاں کے 2 نوجوان لاپتہ ہیں ۔بہتر مستقبل کی تلاش میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کو شش میں پنڈی بھٹیاں اور نواحی علاقوں کے جاں بحق ہو نیوالے نوجوانوں میں ہارون، عاطف علی ، سفیان، علی حمزہ اور رفاقت شامل ہیں۔ حادثے میں جاں بحق ہو نیوالوں میں ضلع منڈی بہاؤالدین کے گاؤں ٹھٹھہ کدیوالہ کے طیب عباس، عرفان بشیر، تنویر صادق اور فیضان ساجد ، رنمل شریف کا اقبال ارشد اور پنڈی لالہ کا سعد ظفر شامل ہیں۔نوشہرہ ورکاں کے نواحی علاقے ڈیرہ پیر ماہی کا رہائشی شعیب اور گاؤں فتحکی کا 22 سالہ سہیل عبداﷲ لاپتہ ہیں جبکہ نوکھر کے دو نوجوان فاروق اور حسنین جبکہ منڈی بہائوالدین کے عمران گھمن بچ گئے جو اٹلی کے ایک جزیرے پر پہنچ گئے ۔ذرائع کے مطابق کشتی میں 105 افراد سوار تھے جن میں سے 32 افراد کو بچا لیا گیا جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ بچ جانے والے افراد اور لاشوں کو اٹلی کے جزیرہ لمپیڈوسا منتقل کر دیا گیا۔