صدرِ مملکت سے پنجاب اور گلگت بلتستان کے گورنرز کی ملاقاتیں
وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے :آصف زرداری
اسلام آباد،لاہور(سٹاف رپورٹر ،سپیشل رپورٹر) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ایوان صدر اسلام آباد میں الگ الگ ملاقات کی ہے ، اس دوران پنجاب کی مجموعی انتظامی صورتحال ،گلگت بلتستان کی ترقی اور عوامی فلاحی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صدر مملکت نے گورنر سردار سلیم حیدر خان کی کارکردگی کو سراہا اورکہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے صدر پاکستان کو پنجاب کی عوام کی بہتری کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات بارے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں میرٹ اور شفافیت اولین ترجیح ہے ، پنجاب کے عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا، وہ پنجاب کی ترقی، امن وامان اور استحکام کے لئے پنجاب حکومت کے ساتھ ایک پیج پر ہیں۔ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے گفتگو میں صدرِ مملکت نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انفراسٹرکچر اور عوامی سہولیات کی بہتری کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں۔