سرکاری خریداری ، نیلامی کیلئے EPADSورژن نافذ کرنیکا فیصلہ

سرکاری خریداری ، نیلامی کیلئے EPADSورژن نافذ کرنیکا فیصلہ

نئے ورژن کے نفاذ سے کرپشن کے خاتمے ،قومی خزانے کی بچت میں مدد ملے گی خریداری کیلئے محکمہ اکائونٹس ، اداروں کو رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل کرنیکی ہدایت

 اسلام آباد (ایس ایم زمان)وفاقی حکومت نے وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں میں سرکاری خریداری اور نیلامی کے نظام میں شفافیت اور جدت لانے کیلئے ای پاک ایکوزیشن اینڈ ڈسپوزل سسٹم (EPADS) کا جدید ترین ورژن 2.0نافذ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ، مذکورہ ورژن کے تحت وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں میں خریداری کے لئے اکاؤنٹس کھولنے کا نیا اور جامع طریقہ کار جاری کیا گیا ،نئے سسٹم کے مطابق تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں کو پروکیورنگ اور نان پروکیورنگ کے لیے اکاؤنٹس فارم جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا جس پر وفاقی وزارتوں، ڈویژنو ں اور محکموں کے سربراہ بشمول سیکرٹری، منیجنگ ڈائریکٹر یا چیئرمین کے دستخط ضروری ہیں ۔نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت رجسٹریشن کے لئے افسر وں کو ذاتی معلومات بشمول نام، شناختی کارڈ نمبر اور عہدے کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی، جبکہ رابطے کے لئے صرف آفیشل ای میل ایڈریس کا استعمال لازمی قرار دیا گیا اور جی میل یا یاہو جیسے ذاتی ای میل اکاؤنٹس قابل قبول نہیں ہوں گے ،سسٹم میں اکاؤنٹ کے اندراج کیلئے وزارت، ڈویژن، متعلقہ محکمے اور ہائر آفیسر کا نام و عہدہ درج کرنا ضروری ہوگا جبکہ فنڈز کے ذرائع کے حوالے سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے کہ آیا فنڈز حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ہیں یا ادارے کے اپنے ہیں ،سسٹم کی خاص بات یہ ہے کہ ای پیڈز ورژن 2.0 میں ایک شناختی کارڈ، آفیشل ای میل اور موبائل نمبر پر صرف ایک ہی اکاؤنٹ بنانے کی اجازت ہوگی اور تمام اکاؤنٹس محکمانہ درجہ بندی کے مطابق ترتیب دیے جائیں گے ، حکام کی جانب سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ رجسٹریشن فارم میں ستارے والے تمام کالم پر کرنا لازمی ہیں غلط معلومات کی صورت میں اکاؤنٹ کی منظوری نہیں دی جائے گی ، نئے ورژن کے نفاذ سے کرپشن کا خاتمہ ، قومی خزانے کی بچت میں مدد ملے گی ، تمام اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رجسٹریشن کا عمل جلد از جلد مکمل کریں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں