ڈار کا سعودی عرب، جنوبی افریقہ، ازبکستان کے وزرا سے رابطہ

 ڈار کا سعودی عرب، جنوبی افریقہ، ازبکستان کے وزرا سے رابطہ

شہزادہ فیصل، رونالڈ ، بختیار، نائب صدر یورپی یونین سے خطے سے متعلق گفتگو لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی پر اظہار تشویش،قریبی رابطوں پر اتفاق

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک، وقائع نگار )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب، جنوبی افریقہ اور ازبکستان، شام تر کیہ کے وزراخارجہ اور یورپی یونین کے نمائندہ خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اس دوران خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک گفتگو میں لبنان پر بمباری پر اظہارِ تشویش کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی کا مکمل احترام کرنے اور خطہ میں امن اور استحکام برقرار رکھنے پر زرو دیا۔ نائب وزیراعظم نے پائیدار امن کیلئے سعودی عرب کی حمایت کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

جنوبی افریقہ کے وزیر خارجہ رونالڈ لامولا نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس پیش رفت سے خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا۔ رونالڈ لامولا نے علاقائی استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے کردار پر اپنی حکومت کی مکمل حمایت کا اظہار بھی کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح روابط اور تعاون کو مزید فروغ دیا جائے ۔نائب وزیراعظم نے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف سے بھی ٹیلیفون پر مشرق وسطیٰ اور وسیع تر خطے کی تازہ صورتحال پر بات چیت کی۔

بختیار سیدوف نے پاکستان کی قیادت کو سراہا اور پاکستان کی طرف سے امن اور استحکام کے حصول کیلئے شروع کیے گئے تمام اقدامات بالخصوص ابتدائی دو ہفتے کی جنگ بندی کو یقینی بنانے کیلئے ازبکستان کی مکمل حمایت سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسلسل سفارتی کوششیں اور روابط خطے اور اس سے باہر پائیدار امن و استحکام کے قیام میں معاون ثابت ہوں گے ۔اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی نائب صدر اور اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور و سلامتی پالیسی کاجا کالس سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ، دونوں رہنماؤں نے لبنان میں جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ جنگ بندی کا مکمل احترام اور مؤثر نفاذ یقینی بنایا جائے ۔

یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ نے خطے میں امن، بات چیت اور استحکام کے فروغ کے لئے پاکستان کی تعمیری کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ،نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈارنے شام، تر کیہ کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ،دفترخارجہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق انہوں نے خطے کی موجودہ صورتحال میں تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ ترکیہ کے وزیر خارجہ حقان فیدان نے پاکستان کے حالیہ جنگ بندی کو یقینی بنانے کے کردار کی تعریف کی اور مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں