جی ایس پی پلس سے برآمدات بڑھانے کے مواقع موجود
تجارت بڑھانا چاہتے ہیں ،نجی شعبے کردار اداکریں ،سفیرچیک ری پبلک
فیصل آباد(اے پی پی)پاکستان میں چیک ری پبلک کے سفیرلادیسلاف سٹین ہبل نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس کی صورت میں پاکستان کو یورپی ملکوں کو برآمدات بڑھانے کے وسیع مواقع دستیاب ہیں جن سے بھر پور طریقے سے فائدہ اٹھانے کی ضرور ت ہے ۔ یہ بات انہوں نے فیصل آباد چیمبر میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ چیکو سلوواکیہ دوسری جنگ عظیم کے بعد شوگر اور ٹیکسٹائل ملیں جبکہ اس کے بعد آٹو موبائل گاڑیاں بھی برآمد کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریہ چیک کی 80فیصد برآمدات یورپین یونین جارہی ہیں جن میں سر فہرست جرمنی اور آسٹریا ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دو ہزار پاکستانی بھی جمہوریہ چیک میں کام کر رہے ہیں جبکہ طلبہ کی ایک بڑی تعداد بھی وہاں زیر تعلیم ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمہوریہ چیک شٹل لیس لومز بھی برآمد کر سکتا ہے مگر اس مقصد کیلئے دونوں ملکوں کے نجی شعبوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کیلئے برآمدات بڑھانا چاہتا ہے جس کیلئے دونوں ملکوں کے اسٹیک ہولڈرز میں براہ راست بات چیت ضروری ہے ،اس مقصد کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارتی وفود کا بھی تبادلہ کیا جائے گا۔