مسائل کے حل کیلئے مکالمہ ہی واحد قابلِ عمل راستہ :اسحاق ڈار

 مسائل کے حل کیلئے مکالمہ ہی واحد قابلِ عمل راستہ :اسحاق ڈار

پاکستان خطے میں مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ کیلئے اپنی حمایت جاری رکھے گا کینیڈا ، کویت کے وزرائے خارجہ اوریورپی یونین کی خارجہ امور کی نمائندہ سے رابطے

اسلام آباد (اے پی پی،دنیا نیوز)نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے کویت کے وزیرِ خارجہ شیخ جراح جابر الصباح ،یورپی یونین کی خارجہ امور و سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالاس ،کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے ٹیلی فون پر رابطے ہوئے ، وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق کویت کے وزیرِ خارجہ نے اسلام آباد مذاکرات میں سہولت کاری پر پاکستان کے کردار کو سراہا اور اس حوالے سے نائب وزیرِاعظم ووزیرِ خارجہ کی کوششوں کی تعریف کی۔نائب وزیرِاعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسائل کے حل کے لئے مکالمہ اور سفارتکاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے اور پاکستان اس حوالے سے اپنی مسلسل کوششیں جاری رکھے گا، اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی خارجہ امور و سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ نے خطے کی صورتحال اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

اسحاق ڈار نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مسلسل اور قریبی رابطے کو سراہا جبکہ اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر کاجا کالاس نے امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا، قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں حالیہ علاقائی اور سفارتی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے تمام فریقین کے درمیان جنگ بندی پر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

 

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں