گرمی بڑھتے ہی بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، عوام پریشان، معذرت خواہ ہیں : حکومت

گرمی بڑھتے ہی بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، عوام پریشان، معذرت خواہ ہیں : حکومت

ملک میں شارٹ فال 5700میگا واٹ سے تجاوز، کہیں 10اور کہیں 12گھنٹے تک بجلی بند ، پانی کی بھی قلت گیس نہ آنے سے پلانٹس نہیں چل رہے ، آج سے بجلی سپلائی بہتر :وزیر توانائی ، راولپنڈی میں کم پریشر کی شکایات

 اسلام آباد، لاہور،کراچی ،پشاور(نیوز رپورٹر ،اپنے کامرس رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں ) راولپنڈی سمیت ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی طلب میں بھی اضافہ، توانائی کا بحران شدت اختیار کر گیا، مختلف شہروں میں 6سے8، دیہی علاقوں میں10سے12گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری، شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں ،راولپنڈی میں کم پریشر کی شکایات ہیں ۔دوسری طرف وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز بند ہونے سے گیس کی قلت ہے ، گیس نہ آنے کے سبب بجلی کے پاور پلانٹس نہیں چل رہے ، پیک آورز میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر عوام سے معذرت چاہتے ہیں، آج سے بجلی کی سپلائی بہتر ہوجائے گی۔ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5ہزار 726میگا واٹ تک پہنچ گیا ،پیداوار 14ہزار 274میگاواٹ جبکہ طلب 20ہزار میگاواٹ ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں ایل این جی امپورٹ صفر ہونے سے ایل این جی پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار رک گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق حویلی بہادر شاہ، بھیکی اور نندی پور پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار نہ ہونے کے برابر ہے ، ساہیوال پاور پلانٹ کی پیداوار بھی تقریباً بند ہے ، 969میگاواٹ نیلم جہلم سے بھی بجلی پیدا نہیں ہو رہی۔ دریں اثناء راولپنڈی ، لاہور میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری رہا ،لیسکو کی رات میں طلب 29سو سے 3 ہزار میگاواٹ تک رہی، شارٹ فال شام میں اوسط 850 سے 900 میگاواٹ تک ہے ۔ذرائع کے مطابق شہر میں 3 سے 4 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 گھنٹے سے زائد ہے ،غیر علانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان ہوکر رہ گئے۔

علاوہ ازیں دیگر مختلف شہری علاقوں میں6سے 8جبکہ دیہی علاقوں میں10سے 12گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ بجلی کی بندش سے ٹیوب ویلز چلنے کا شیڈول بھی متاثر ہو رہا ہے جس سے پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی۔ کراچی میں گرمی کی شد ت میں اضافہ کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز کر گیا ۔میٹرک امتحانات کے دوران متعدد امتحانی مراکز پر بھی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران گرمی بڑھنے کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 تا 35 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے ۔ خیبرپختونخوا میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤ ن جاری ہے ۔ اس وقت پیسکو کی مجموعی طلب 2000 میگاواٹ جبکہ سپلائی 1351 میگاواٹ تک محدود ہے جس کے باعث طلب اور رسد میں واضح فرق پیدا ہو گیا ۔

وزیر توانائی نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ پچھلے کچھ دنوں میں ہی ہوئی ورنہ ہمارے تمام پلانٹس آپریشنل ہیں ، ہر سال جو لوڈشیڈنگ ہوتی ہے اتنی لوڈ شیڈنگ ابھی نہیں ہوئی ، ہم پیک آورز میں گیس سے بجلی پیدا نہیں کرسکتے، پن بجلی میں بھی 1530 میگاواٹ کی قلت کا سامنا ہے ، اپریل کے پہلے پندرہ دنوں میں بجلی کی یومیہ طلب 15 سے 20ہزار میگا واٹ رہی، ایل این جی نہ ملنے سے تین ہزار میگاواٹ سے زائدبجلی کی قلت ہوئی ،کوششیں جاری ہیں ،ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ جتنے بھی گھنٹے کی ہو ایک گھنٹے کے وقفے سے کریں تاکہ عوام کو پریشانی کم سے کم ہو،دو سال کے اندر بجلی کی قیمتوں میں کمی کی گئی جس سے بجلی کی طلب میں بھی اضافہ ہوگیا۔ ادھرلاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں گیس پریشربھی انتہائی کم ہونے کی شکایات ہیں۔ملک میں ایل این جی کی سپلائی صفر ہے ،سوئی ناردرن گیس سسٹم میں یومیہ 900 سے 1100 ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی شامل ہوتی ہے ۔علاوہ ازیںترجمان یوفون کے مطابق بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث یوفون کے صارفین کو ٹیلی کام سروسز کی فراہمی میں تعطل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں