پنجاب اسمبلی :سیاسی اور عسکری قیادت کو سراہنے کی قرارداد منظور

پنجاب اسمبلی :سیاسی اور عسکری قیادت کو سراہنے کی قرارداد منظور

شہباز شریف ، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو نوبیل انعام کیلئے نامزد کرنے کی سفارش پروڈکشن آرڈرز پر عمل نہ ہونے پر اپوزیشن کا احتجاج ،دروازے بند کرنیکی دھمکی

 لاہور(سیاسی نمائندہ،آئی این پی،این این آئی )پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے اپنے ارکان کی گرفتاری اور پروڈکشن آرڈرز پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا ،دوسری طرف حالیہ بین الاقوامی کشیدگی کے تناظر میں ملکی سیاسی و عسکری قیادت کی سفارتی کاوشوں کو سراہنے کی حکومتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی،صوبائی وزیر خزانہ و پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن کی پیش کر دہ قرار داد میں کہا گیا کہ پاکستان کی قیادت نے عالمی سطح پر مؤثر سفارت کاری کے ذریعے خطے کو ممکنہ بڑے تصادم سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا، امریکا، متحدہ عرب امارات اور ایران میں جنگ بندی خوش آئند اور امن کی جانب اہم پیش رفت ہے ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کو ان خدمات کے اعتراف میں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا جانا چاہیے ، ،اجلاس میں پوسٹ بجٹ بحث اور ماحولیاتی پالیسی سمیت متعدد اہم امور زیر بحث آئے۔

اپوزیشن رکن رانا آفتاب احمد نے گرفتار ارکان کی رہائی اور پروڈکشن آرڈرز پر عملدرآمد نہ ہونے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان کے دروازے بند کرنے کی دھمکی دی جس پر ڈپٹی سپیکر نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے غیر پارلیمانی قرار دیا، اپوزیشن ارکان نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کرگئے تاہم بعد ازاں حکومتی ارکان رانا ارشد، امجد علی جاوید اور دیگر کی یقین دہانیوں کے بعد اپوزیشن واپس ایوان میں آ گئی ۔ادھر پنجاب اسمبلی میں پیش کر دہ پنجاب فارنزک سائنس اتھارٹی (ترمیم)بل 2026مزید غور کیلئے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے ،بل کے تحت ڈی جی ایگریکلچر و فوڈ اور چیئرمین انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو اتھارٹی کا ممبر بنانے کی بھی تجویز دی گئی ہے ، علاوہ ازیں سٹیمپ (ترمیمی)آرڈیننس متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے ،واضح رہے گورنر پنجاب اس ترمیمی آرڈیننس کی منظوری 10 اپریل کو دے چکے ہیں اور یہ 90 روز کیلئے نافذ العمل ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں