ہری پور میں گیس پائپ لائن دھماکا، ایک خاندان کے 8 افراد جاں بحق، 8 زخمی
حطارانڈسٹریل اسٹیٹ میں مین گیس لائن پھٹنے سے آگ لگی،مزدوروں اورصنعتی عملے میں بھگدڑ مچ گئی پولیس،ریسکیواورپانچ اضلاع کے فائر بریگیڈ نے آگ بجھانے میں حصہ لیا،لاشیں ہسپتال منتقل:ڈی پی او
ہری پور(دنیا نیوز،آن لائن)حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں مین گیس پائپ لائن پھٹنے سے دھماکا اورآگ لگنے سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کے مطابق واقعے میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے ۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی گھرانے سے ہے۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے آگ لگ گئی تھی، پانچ اضلاع کے فائر بریگیڈ نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔ پولیس نے بھی ریسکیو اور فائر بریگیڈ کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا،شفیع اللہ گنڈاپور کے مطابق پانچ لاشیں کوٹ نجیب اللہ ہسپتال لائی گئیں اور تین ٹراما سینٹرمیں موجود ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پائپ لائن پھٹنے کے بعد گیس کا اخراج اس قدر شدید تھا کہ چند ہی سیکنڈز میں آگ کے بلند شعلوں نے آسمان کو چھو لیا۔ صنعتی یونٹس میں کام کرنے والے مزدوروں اور عملے میں بھگڈر مچ گئی اور لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی طرف دوڑ پڑے ۔انتظامیہ نے ملحقہ فیکٹریوں کو سیل اورآبادی کو خالی کرا لیا ہے ،جبکہ گیس حکام نے مین لائن سے گیس کی فراہمی منقطع کر دی ہے۔