ہنگو : پولیس چوکی پر حملہ کرنے والے 7 دہشتگرد ہلاک، 1 اہلکار شہید

ہنگو : پولیس چوکی پر حملہ کرنے والے 7 دہشتگرد ہلاک، 1 اہلکار شہید

دہشتگردوں نے سرکی پیالہ پولیس چوکی کو نشانہ بنایا ،پولیس اور ایف سی کی جوابی کارروائی میں مقامی لوگ مددکو نکل آئے شہید پولیس اہلکار حاجی عبدالمعصود کی نماز جنازہ پولیس لائن ہنگو میں ادا ،بہادرسپوتوں کوسلام :وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی

ہنگو(مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی)نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن مکمل کر لیا جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ،یہ معرکہ اس وقت شروع ہوا جب رات کی تاریکی میں دہشت گردوں نے سرکی پیالہ کے مقام پر پولیس چوکی کو نشانہ بنایا۔ جوابی کارروائی کے دوران قریبی علاقوں سے مقامی لوگوں کی بڑی تعداد بھی چغہ پارٹیوں کی صورت میں پولیس کی مدد کیلئے میدان میں نکل آئی۔

پولیس ترجمان کے مطابق اس شدید جھڑپ میں سات دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2لاشیں قبضے میں لے لی گئیں ،باقی دہشت گرد فرار ہوگئے ۔آپریشن کے دوران پولیس کے بہادر جوان حاجی عبدالمعصود نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔شہید اہلکار حاجی عبدالمعصود کی نمازِ جنازہ پولیس لائن ہنگو میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہنگو کے علاقے میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر پولیس اور فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں