توانائی بحران حکومتی نااہلی ،سزاعوام بھگت رہے :حافظ نعیم
کروڑوں لوگ بجلی لوڈشیڈنگ سے ،عوام کی تکالیف کا فی الفور ازالہ کیاجائے تیل و گیس سے بجلی پیدا کرنامشکل ہے تو دیگر ذرائع سے پیداواربڑھائیں :بیان
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ملک بھر میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا ہے کہ عوام کی تکالیف کا فی الفور ازالہ کیا جائے ۔ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پورا ملک بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ سے بری طرح متاثر ہے ، بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 49 ہزار میگا واٹ ہے اور اس وقت استعمال نصف سے بھی کم ہے مگر عوام کو بجلی میسر نہیں،اگر تیل و گیس سے بجلی پیدا کرنے میں مشکلات ہیں تو دیگر ذرائع سے باآسانی درکار بجلی مل سکتی ہے ۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا پیداواری صلاحیت میں اضافہ صرف آئی پی پیز کو نوازنے کیلئے کیا گیا تھا؟ جو کیپیسٹی چارجز کی مد میں بجلی بنائے بغیر ہزاروں ارب وصول کرچکی ہیں۔ توانائی شعبہ میں حکومتی نااہلی کی سزا عوام اور صنعت کار بھگت رہے ہیں اور فائدہ آئی پی پیز کا ہورہا ہے ،کروڑوں لوگ اس بحران سے بری طرح متاثر ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران فی الفور بجلی کی پیداوار میں اضافہ کرکے عوام کو سستی بجلی فراہم کریں۔حافظ نعیم الرحمن آج گوجرانوالہ میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بنو قابل گریجویشن تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے ۔