معیشت کے تحفظ کیلئے ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانا ناگزیر ، چیئرمین نیب
مالیاتی جرائم کے خلاف حکومت کا غیر متزلزل عزم برقرار ہے ، ورکشاپ سے خطاب
اسلام آباد (اے پی پی)چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا کہ مالیاتی جرائم کے خلاف حکومت پاکستان کا غیر متزلزل عزم برقرار ہے اور قومی معیشت کے تحفظ کے لیے ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کے زیرِ اہتمام اینٹی منی لانڈرنگ تفتیشی طریقہ کار اور عالمی فریم ورک پر منعقدہ تربیتی کورس اور تکنیکی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جدید طرز حکمرانی کی پیچیدگیوں کے پیش نظر ضروری ہے کہ نیب افسران نہ صرف روایتی تفتیشی مہارت رکھتے ہوں بلکہ بین الاقوامی بہترین طریقہ کار سے بھی مکمل طور پر آگاہ ہوں۔چیئرمین نیب نے پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی (پاکا) کو ادارے کی بدعنوانی کے خلاف جنگ میں ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2026 کا تربیتی پروگرام ادارہ جاتی تعاون کے فروغ اور افسران کو عالمی چیلنجز سے موثر طور پر نمٹنے کے لیے جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے ۔ تربیتی سیشنز کے دوران ماہرین نے شرکا کو عالمی و قومی اینٹی منی لانڈرنگ و انسداد دہشت گردی فنانسنگ فریم ورک پر بریفنگ دی۔