مریم نواز نے کالج طلبہ کیلئے الیکٹروبس سروس کی منظوری

مریم  نواز  نے  کالج  طلبہ  کیلئے  الیکٹروبس  سروس  کی منظوری

طلبہ کو مفت گوگل سرٹیفکیشن کورسز کرانے ، اساتذہ کی کارکردگی جانچنے کیلئے کے پی آئیز مقرر کر نے کا فیصلہ لڑکی سے ڈکیتی کا سخت نوٹس ،بیٹیاں اور بہنیں ریڈ لائن :وزیراعلیٰ،نوازشریف اور مریم مری پہنچ گئے

لاہور ،مری (دنیانیوز،نمائندہ دنیا) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کالج طلبہ کیلئے الیکٹروبس سہولت کی منظوری دے دی جبکہ صوبے میں ایک لاکھ سے زائد طلبہ کو گوگل سرٹیفکیشن کورسز مفت فراہم کرنے کا بھی فیصلہ  کیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سکول اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پہلی بار کالجز ایجوکیشن کی سٹینڈرڈائزیشن کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ ہونہار سکالرشپ پروگرام کے تحت تمام اہل طلبہ کو وظیفہ دینے کی ہدایت کی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 62 ہزار 949 طلبہ کو ایک ساتھ سکالرشپ دی جائیں گی جو صوبے کی تاریخ میں پہلی مثال ہے جبکہ سی ایم پنجاب لیپ ٹاپ سکیم پر 98 فیصد طلبہ نے اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے سرگودھا سمیت دیگر علاقوں کے سکولوں میں بہتری کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں پنجاب کے 166 سرکاری کالجز میں جدید آئی ٹی لیبز قائم کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ کالجز کے پرنسپلز، اساتذہ اور اداروں کیلئے پہلی بار کارکردگی کے اشارئیے (کے پی آئیز) مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کی کارکردگی بھی انہی پیمانوں پر جانچی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے اقلیتی طلبہ کو بھی اوپن میرٹ پر لیپ ٹاپ دینے کی ہدایت کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوگل سرٹیفکیشن کورسز جن کی فیس 400 سے 1000 ڈالر تک ہوتی ہے ، طلبہ کو مفت فراہم کئے جائیں گے ۔

ان کورسز میں سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت، بزنس انٹیلی جنس اور دیگر جدید شعبے شامل ہیں۔اجلاس میں صوبے کے تمام کامرس کالجز کو متعلقہ سرکاری جامعات سے منسلک کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں 29 اضلاع کے 36 کامرس کالجز کا 19 سرکاری یونیورسٹیوں کے ساتھ الحاق کیا جائے گا جہاں بزنس، اکاؤنٹنگ، فنانس، بینکنگ اور آئی ٹی سمیت 14 بی ایس پروگرامز پڑھائے جائیں گے ۔دریں اثنا مریم نواز نے نواب ٹاؤن میں سکوٹی سوار لڑکی سے ڈکیتی کے واقعہ کا سخت نوٹس لیا اور سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لاہور پولیس کو 8 گھنٹے میں ملزم کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کسی بیٹی سے ڈکیتی کا واقعہ پیش آنا انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک ہے ، بیٹیاں اور بہنیں ریڈ لائن ہیں، تحفظ کاعہد ہر صورت نبھائیں گے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے نیشنل سائیکلسٹ اور روئنگ پلیئر نتالیہ خان کے انتقال پرسوگوار خاندان سے ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا ۔بعدازاں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اوروزیر اعلیٰ مریم نواز مری پہنچ گئے ، وہ اپنی ذاتی رہائش گاہ کشمیر پوائنٹ میں قیام کرینگے اورکل گورنمنٹ ہاؤس میں مری ڈیویلپمنٹ پلان کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرینگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں