بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری، عمران، بیٹیوں، بہن کی ملاقات

بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری، عمران، بیٹیوں، بہن کی ملاقات

بشریٰ کی جلد رہائی کا امکان، گوہر نے بانی کی فیملی کو لچک پر آمادہ کرلیا: ذرائع پی ٹی آئی کا عمران و بشریٰ کی بگڑتی صحت پر اظہار تشویش، طبی سہولیات کا مطالبہ

راولپنڈی (احمد بھٹی، خبر نگار، سیاسی نمائندہ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو دائیں آنکھ کی کامیاب سرجری کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ سرجری کے بعد فیملی ممبران کی خصوصی ملاقات بھی کرائی گئی۔جیل ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی نے دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی شکایت کی جس پر جیل انتظامیہ نے فوری طور پر ماہرین چشم سے معائنہ کرایا۔ معائنے کے بعد دائیں آنکھ میں ریٹینل ڈیٹچمنٹ کی تشخیص ہوئی اور ڈاکٹرز نے فوری سرجری کا مشورہ دیا۔ 16 اپریل کو مریضہ کو راولپنڈی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ضروری ٹیسٹ اور طبی معائنہ مکمل کرنے کے بعد پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور ان کی ٹیم نے کامیاب سرجری کی۔ ایک رات ہسپتال میں قیام کے بعد انہیں ڈسچارج کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق سرجری کے بعد اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی کی بیٹیوں اور بہن سے خصوصی ملاقات کرائی گئی جو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔

فیملی نے ان کی صحت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں بشریٰ بی بی اور عمران خان کے درمیان بھی تقریباً چالیس منٹ ملاقات ہوئی۔ اس دوران اہل خانہ کی جانب سے چاکلیٹ اور دیگر اشیاء بھی فراہم کی گئیں۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے بشریٰ بی بی کی رہائی کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایک سے دو ماہ میں پیش رفت ہو سکتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی کی فیملی کو مذاکرات میں لچک دکھانے پر آمادہ کر لیا ہے جبکہ فیملی جیل کے باہر متنازع بیانات سے گریز پر بھی رضامند ہو گئی ہے ۔ادھر تحریک انصاف نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قید اور جیل کی مشکلات کے باعث دونوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے ۔ پارٹی کے مطابق انہیں ذاتی معالجین تک رسائی اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ بشریٰ بی بی کو مکمل علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا جائے اور انہیں قانونی ریلیف فراہم کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں