سولر پاکستان نمائش کا آغاز 400سے زائد کمپنیو ں کی شرکت
لاہور(اپنے کامرس رپورٹرسے)سولر پاکستان 2026 کا لاہور ایکسپوسینٹر میں شاندار انداز میں افتتاح ہو گیا۔فیکٹ ایگزیبیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے زیر اہتمام تین روزہ سولر پاکستان 2026 نمائش 17 تا 19 اپریل تک ایکسپو سینٹر لاہور میں جاری رہے گی ۔
نمائش میں 10 مختلف ممالک کی 400 سے زائد کمپنییاں شرکت کر رہی ہیں ۔افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی فیصل ایوب کھوکھر (انرجی منسٹر گورنمنٹ آف پنجاب ) اور محمد منشاہ اللہ بٹ (صوبائی وزیر، لیبر اور ہیومن ریسورس گورنمنٹ آف پنجاب) تھے ۔اپنے بیان میں دونوں رہنماؤں نے اس نمائش کے اقدام کو سراہا اور متبادل توانائی کی طرف منتقلی کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات اور ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے ۔ صاف اور پائیدار توانائی ہی مستقبل کا راستہ ہے ۔ پنجاب میں شمسی توانائی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور یہ نمائش اسی سمت میں ایک اہم قدم ہے ۔ سولر پاکستان نمائش میں جدید ترین شمسی ٹیکنالوجیز کی نمائش کی گئی ہے جن میں ہائی ایفیشنسی سولر پینلز، اسمارٹ اسٹوریج سسٹمز اورانورٹرز شامل ہیں۔ اس کا مقصد سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور سرکاری اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے ۔فیکٹ ایگزیبیشنز کے سی ای او سلیم خان تنولی نے کہا کہ نمائش کا مقصد ملک میں شمسی صلاحیت اور اس کی ضرورت کو اجاگر کر نا ہے ۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں جدت اور عملی اقدامات مل کر ایک سرسبز مستقبل کی راہ ہموار کرتے ہیں۔