پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال، بیجنگ میں پروقار تقریب
سفارتخانے کی چانسری بلڈنگ کی آرائش مستقبل پر اعتماد کی عکاسی :پاکستان سفیر
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)بیجنگ میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے سلسلے میں پاکستانی سفارت خانے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ "چانسری شوکیس اور شجرکاری" کے عنوان سے منعقدہ اس تقریب میں سلک روڈ سٹیز الائنس، جن شانگ گروپ اور ڈبلیو ٹی ایل ڈیزائن نے تعاون کیا۔پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے شرکاء کا استقبال کرتے ہوئے تقریب کی علامتی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ سفارت خانے کی چانسری بلڈنگ کی تزئین و آرائش اور شجرکاری تجدید، تسلسل اور مستقبل پر اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔ پاک چین تعلقات گزشتہ 75 برسوں سے گہری جڑوں کے حامل، مسلسل ارتقا پذیر اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہیں۔سفیر پاکستان نے واضح کیا کہ چانسری کی تزئین و آرائش محض ایک عمارت کی مرمت نہیں بلکہ یہ پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے اور جدید ڈیزائن کا حسین امتزاج ہے ۔ ان کے مطابق یہ عمارت اب ثقافتی اظہار اور سفارتی سرگرمیوں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر خدمات انجام دے گی۔