انفورسمنٹ آفیسر اور پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر کی اسامیوں کے نتائج کااعلان
لاہور(خبر نگار) پنجاب پبلک سروس کمیشن کے مطابق پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی میں سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر کی 101 اسامیوں کے لیے 404 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے ہیں ۔
مجموعی طور پر 80 ہزار امیدواروں نے فیز ون کے امتحان میں شرکت کی جس میں 20 ہزار امیدوار کامیاب ہوئے تھے ۔ کامیاب امیدواروں سے جنرل نالج اور انگلش مضمون کا پیپر لیا گیا جنرل نالج میں تقریبا 9 ہزار امیدواروں نے کامیابی حاصل کی جس کے بعد ان کا انگلش مضمون کا پیپر چیک کیا گیا ہے ۔ جس میں پاس ہونے والے امیدواروں کی لسٹ لگائی گئی ہے اور انہیں نفسیاتی جائزے اور انٹرویو کے لیے شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے ۔پنجاب پولیس شیخوپورہ ریجن میں سب انسپکٹر کی 23 اسامیوں کے لیے 23 امیدواروں کو حتمی طور پر کامیاب قرار دیا گیا ہے ۔ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں پروفیسر آف فارماکولوجی کی 2 اسامیوں کے لیے 2 امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔ محکمہ زراعت کے پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز ونگ میں آئی ٹی اسپیشلسٹ کی ایک آسامی کے لیے ایک امیدوار کو حتمی طور پر کامیاب قرار دیا گیا ہے ۔ کامیاب امیدواروں کی تفصیلات پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔