قومی ورثے کے تحفظ کیلئے کمیونٹیز مل کر کام کرے :صدر زرداری
سارنگی ڈھولک ،علاقائی موسیقی ہمارے عوام کی یادوں جذباتی گہرائی کی امین ہماری روایتی دستکاریاں مختلف کمیونٹیز کی مہارت کی عکاس، عالمی یوم ورثہ پر پیغام
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ہماری روایتی دستکاریاں پاکستان کی مختلف کمیونٹیز کی مہارت کی عکاس ہیں، ورثے کے تحفظ کیلئے کمیونٹی مل کر کام کرے ، یوم عالمی ورثہ 18 اپریل 2026 پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ میں قوم اور ان تمام افراد کو بارکباد پیش کرتا ہوں جو ہمارے مشترکہ ورثے کے تحفظ کیلئے کوشاں ہیں یہ دن ہمیں اپنے ثقافتی ورثے کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ بنانے کی اہمیت یاد دلاتا ہے ، جیسا کہ یونیسکو نے عالمی سطح پر اسے تسلیم کیا ،پاکستان دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کے سنگم پر واقع ہے ، قدیم سنگی دور اور نئے سنگی دور سے لے کر کانسی کے دور کی وادی سندھ کی تہذیب تک، مہر گڑھ، موہنجوداڑو اور گندھارا کی ثقافت سے لے کر مغلیہ دور تک، ہماری سرزمین انسانی تخلیق، جدت اور ہمت کے مسلسل سفر کی عکاسی کرتی ہے ، ان تہذیبوں نے آثارِ قدیمہ، فنِ تعمیر اور ثقافتی روایات کا ایک پائیدار ورثہ چھوڑا ہے جو ہماری قومی شناخت کی بنیاد ،انہوں نے کہاکہ ہمارا غیر مادی ثقافتی ورثہ بھی اتنا ہی اہم ہے جس میں لوک داستانیں، زبانیں، موسیقی، دستکاری اور فنونِ لطیفہ شامل ہیں ،انہوں نے کہاکہ ہماری روایتی دستکاریاں پاکستان کی مختلف کمیونٹیز کی مہارت کی عکاس ہیں ، انہوں نے کہاکہ ہم ان اثاثوں کو پیشہ ورانہ مہارت اور تحفظ کی جدید تکنیکوں کے ذریعے محفوظ بنانے کے لئے پْرعزم ہیں ۔