مریم نواز کے ہیلتھ منصوبے کامیاب، 2 کروڑ 10 لاکھ مریض مستفید
1217مراکز صحت کی ری ویمپنگ مکمل ،30ہزار مریضوں کو انسولین، ہیپاٹائٹس، ٹی بی ادویات گھر پہنچا ئی گئیں :حکام وزیراعلیٰ کی اجلاس میں پوری ہیلتھ ٹیم کو شاباش ، نرسنگ ڈگری کیلئے ہسپتالوں میں نشستیں بڑھانے کیلئے اقدامات کا حکم
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے 6 فلیگ شپ ہیلتھ پراجیکٹس نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے مختصرترین مدت میں 2 کروڑ 10لاکھ مریضوں کو فیلڈہسپتال اور کلینک آن ویلز کے ذریعے علاج اور طبی سہولتیں مہیا کی گئیں، 30ہزار سے زائد مریضوں کوگھر بیٹھے انسولین، ہیپاٹائٹس اورٹی بی کی مفت ادویات فراہم کی گئیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہیلتھ کے شعبے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اور پوری ٹیم کو شاباش دی ، پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 1217مراکز صحت کی ری ویمپنگ کے عمل کو مکمل کیا گیاہے، وزیراعلیٰ نے ضلعی ہسپتالوں میں سٹروک مینجمنٹ سنٹر کے قیام کیلئے اقدامات کی ہدایت اور مراکز صحت کی ری ویمپنگ رواں سال مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے نرسنگ ڈگری کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں نشستیں بڑھانے کے لئے اقدامات کی بھی ہدایت کی ۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ہیلتھ پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا جس میں صوبائی سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن نادیہ ثاقب نے تفصیلی بریفنگ دی اوربتایا کہ کلینک آن ویل پر ایک کروڑ 82 لاکھ مریضوں کا علاج کیا گیا ، 70لاکھ الٹراساؤنڈ کئے گئے ،12لاکھ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ۔ فیلڈ ہسپتال پر 28لاکھ مریضوں کی آمد ہوئی ، ذیابیطس کے 2242مریضوں کو انسولین،ہیپاٹائٹس کے 14286 اور تپ دق کے 13864 مریضوں کو دو، دو ماہ کی میڈیسن گھر بیٹھے فراہم کی جارہی ۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ فیز ون میں 1026 بنیادی مراکز صحت اور 191 دیہی مراکز صحت کوری ویمپنگ کرکے شاندار ہسپتال میں بدل دیا ،فیز ٹو میں 433 بنیادی مراکز صحت اور 81 آر ایچ سی کی ری ویمپنگ بھی مکمل کی گئی، فیز تھری میں 895 مراکز صحت کی تعمیر و بحالی تیزی سے جاری ہے ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرنے پنجاب بھر میں 6 کروڑ30لاکھ افراد کی رجسٹریشن کر لی، 80لاکھ گھرانہ اور ایک کروڑ گھروں سے متعلق ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا۔ پنجاب کے 4 ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں امراض دل کے مراکز /کیتھ لیب پراجیکٹ کامیابی سے جاری ہے ، جہلم، جھنگ، میانوالی اور وہاڑی کے ضلعی ہسپتالوں میں دل کے مریضوں کے 1628 پروسیجر مکمل کئے گئے ۔ 4 ضلعی ہسپتالوں میں 1055 انجیوگرافی،559 انجیو پلاسٹی،12 پرائمری پی سی آئی اور 2 کو عارضی پیس میکر لگائے گئے ۔ اجلاس میں محکمہ صحت اینڈ پاپولیشن کی ری سٹرکچرنگ پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن نادیہ ثاقب نے ڈائریکٹوریٹ برائے مانیٹرنگ اینڈ ویلیو ایشن کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔