کینیا سے زندہ چیونٹیاں سمگل کرنیوالے چینی شہری کو سزا
نیروبی (نیٹ نیوز)کینیا میں ایک چینی شہری کو 2,000 سے زائد زندہ چیونٹیاں ملک سے باہر سمگل کرنے کی کوشش پر 12 ماہ قید اور 1 ملین کینین شلنگ جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے ۔
‘اسکائے نیوز’ کے مطابق ملزم ژانگ کیچون کو مارچ میں نیروبی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا جہاں اس کے سامان سے 2,200 زندہ ملکہ چیونٹیاں برآمد ہوئی تھیں۔چیونٹیوں کو خصوصی ٹیوبز اور ٹشو رولز میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔عدالت نے ملزم کو سزا سناتے ہوئے کہا کہ چیونٹیوں کی اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے سخت سزا ضروری ہے کیونکہ یورپ اور ایشیا میں ان کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ژانگ نے ابتدائی طور پر جرم سے انکار کیا تھا مگر بعد میں اعتراف کر لیا تھا، اس کے وکیل نے سزا کے خلاف اپیل کا عندیہ دیا ہے ۔