معرکہ حق، بنیان مرصوص میں پاک فوج کی حکمت عملی دنیا نے دیکھی : ایئر چیف

معرکہ حق، بنیان مرصوص میں پاک فوج کی حکمت عملی دنیا نے دیکھی : ایئر چیف

کسی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا،عالمی سطح پر امن کیلئے سیاسی و عسکری قیادت کی کاوشیں قابل ستائش پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا :ظہیر بابر سدھو کاکاکول میں خطاب، دوست ممالک کے کیڈٹس بھی شامل

ایبٹ آباد،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے کہا ہے کہ پاکستان مذاکرات پر یقین رکھنے والا پرامن ملک ہے ، مقبوضہ کشمیر کے باشندوں کی حمایت جاری رکھے گا، کسی جارحیت پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا،معرکہ حق،بنیان مرصوص میں پاکستان آرمی کی حکمت عملی دنیا نے دیکھی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ دوست ممالک کے کیڈٹس کومبارکباد دیتا ہوں، کیڈٹس میں خواتین کی شمولیت دیکھ کرخوشی ہوئی، پاکستان ملٹری اکیڈمی دنیا کی بہترین درسگاہوں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کیڈٹس سے کہا کہ آپ کی بنیادی ذمہ داری ملک کی سلامتی کویقینی بنانا ہے ، معرکہ حق،بنیان مرصوص میں پاکستان آرمی کی حکمت عملی دنیا نے دیکھی، پاکستان ایئرفورس نے نہ صرف دشمن کے جہازگرائے بلکہ تاریخ رقم کی، مئی میں دشمن پاکستان کی طاقت اورہنرمندی دیکھ کردنگ رہ گیا، پاکستان کی دھرتی پرکسی بھی جارحیت کا ریکارڈ وقت میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا،پاکستان مقبوضہ جمو ں و کشمیر کے باشندوں کی حمایت جاری رکھے گا ، مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور عوامی امنگوں کے مطابق حل کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پرقیام امن، سیاسی اورعسکری قیادت قابل ستائش ہے، پاکستان پر امن ملک ہے جو عالمی سطح پر تنازعات کا حل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے، پاکستان ملٹری اکیڈمی میں باصلاحیت لوگ نوجوانوں کی بہترین تربیت کررہے ہیں، پاکستان آرمی زندہ باد،پاکستان پائندہ باد۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پی ایم اے لانگ کورس اور ٹیکنیکل گریجوایٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ تقریب کے مہمان خصوصی نے چاق و چوبند دستوں کی پریڈ کا معائنہ کیا۔ تقریب میں 72ویں انٹگریٹڈ کورس،15ویں مجاہد کورس اور27ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس نے پاس آؤٹ کیا،پاس آؤٹ ہونے والوں میں دوست ممالک سری لنکا ، عراق، فلسطین، قطر، مالدیپ، مالی اور نیپال کے 30 کیڈٹس بھی شامل تھے ۔ تقریب کے اختتام پر کیڈٹس نے مادرِ وطن سے وفا داری کا حلف اٹھایا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں