فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران مکمل، مسائل کے پرامن حل پر زور : آئی ایس پی آر
چیف آف ڈیفنس فورسزنے ایرانی صدرمسعود پزشکیان ،سپیکر باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور کمانڈر خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز میجر جنرل علی عبداللہی سے ملاقاتیں کیں ملاقاتوں کے دوران خطے میں پائیدار امن کے قیام، بدلتی سکیورٹی صورتحال، سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، وزیر داخلہ محسن نقوی اور اعلیٰ سطح وفد بھی ہمراہ تھا
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کر لیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی،فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ۔ملاقاتوں میں خطے میں پائیدار امن کے قیام، بدلتی سکیورٹی صورتحال، جاری سفارتی کوششوں اور استحکام کیلئے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مسائل کے حل کیلئے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے ایرانی قیادت اور عوام کی جانب سے پرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے صدر، وزیر اعظم اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ مشرق وسطٰی میں جاری تنازعات کے پرامن حل، مذاکرات کے فروغ اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔