وزیراعظم کی سہ ملکی دورہ مکمل کرکے لاہور آمد
شہبازشریف کی سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے دورہ میں اہم ملاقاتیں ہوئیں وزیرداخلہ محسن نقوی کی وزیراعظم سے ملاقات،اپنے حالیہ دورہ پر اعتماد میں لیا
لاہور(مانیڑنگ ڈیسک )پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کا سہ ملکی دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے ہیں،لاہورآمد پروفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی ،سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب اور دیگرحکام نے استقبال کیا ۔وزیرِ اعظم کو انطالیہ ایئرپورٹ پر ترکی کی وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل سفیر تولگا برمیک، سفیر نیلوفر کایگسز، ترکی کی پارلیمنٹ کے رکن برہان قایاترک اور ترکی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے الوداع کیا۔وزیرِ اعظم کا یہ دورہ تین روز پر مشتمل تھا، جس کے دوران انہوں نے سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
اس کے علاوہ وہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شریک ہوئے جہاں مختلف عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘دوروں کے دوران وزیرِ اعظم نے برادر ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے ، خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں اور خطے و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔’وزیرِ اعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں دیگر حکام کے علاوہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی شامل تھے ، جنہوں نے ایکس پر اس دورے سے متعلق تبصرہ بھی کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے سعودی عرب اور قطر کے کامیاب اور مفید دوروں کے بعد اپنی سفارتی مصروفیات کے آخری مرحلے کو بھی مکمل کر لیا ہے ، جہاں وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ اہم دو طرفہ ملاقاتیں کی گئیں جن کا مقصد مختلف کلیدی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
اسحاق ڈار کے مطابق انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ بھی نہایت مثبت ملاقات ہوئی، جبکہ فورم کے موقع پر دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی بامعنی بات چیت کی گئی۔ان کی رائے میں یہ فورم اب ایک عالمی مکالماتی پلیٹ فارم کی حیثیت اختیار کر چکا ہے ، جہاں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے مختلف نقطۂ نظر سامنے آتے ہیں۔وطن واپسی کے بعدلاہور میں وزیراعظم سے وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی ، اس موقع پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال اوراپنے غیر ملکی دوروں کے حوالے سے تبادلہ کیا گیا۔وزیر داخلہ نے کامیاب سہ ملکی دورے پر وزیر اعظم کو مبارکباد دی اور اپنے حالیہ دورہ پر بھی وزیر اعظم کو بریف کیا۔