آئی ایم ایف کیساتھ سٹاف لیول معاہدہ مکمل، جلد اگلی قسط جاری ہوگی : وزیر خزانہ

آئی ایم ایف کیساتھ سٹاف لیول معاہدہ مکمل، جلد اگلی قسط جاری ہوگی : وزیر خزانہ

پاکستان کے بہتر ہوتے معاشی اشاریے اور اصلاحات کی رفتار ریٹنگ میں بہتری کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں اضافی مالی معاونت اور ڈیپازٹ مدت میں توسیع سے مالی پوزیشن مضبوط:ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز نمائندگان سے گفتگو

اسلام آباد (آئی این پی،مانیٹر نگ ڈیسک )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ مکمل کر لیا ، جلد اس کی ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری متوقع ہے جس کے بعد اگلی قسط جاری ہوگی ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کے نمائندگان سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی بہتری اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس ماہ 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ کامیابی سے ادا کیا ہے ، وزیر خزانہ سعودی عرب کے 3 ارب ڈالر کی اضافی مالی معاونت اور 5 ارب ڈالر کے ڈیپازٹ کی مدت میں 2028 تک توسیع تک کا بھی ذکر کیا، اضافی مالی معاونت اور ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع سے بیرونی مالی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔

وزیر خزانہ نے ملاقات میں پاکستان کی درمیانی مدت کی مالی حکمت عملی پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان کے بہتر ہوتے معاشی اشاریے اور اصلاحات کی رفتار ملک کی ریٹنگ میں بہتری کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی صدر زو جیا یی سے ملاقات کی۔وزیر خزانہ نے زو جیا یی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستان میں اے آئی آئی بی کے مضبوط کردار کو سراہا جس کے تحت اس وقت تقریبا 1.7 ارب ڈالر کے منصوبے جاری ہیں جبکہ مزید 1 ارب ڈالر کے منصوبے زیر غور ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں