امریکا کیساتھ کاروبار پرمبنی تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم، وزیر تجارت
صدر ونائب راولپنڈی چیمبر کی جام اکرام سے ملاقات، دورہ امریکہ پربریفنگ دی
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے صدر عثمان شوکت اور سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی نے ملاقات کی اور اپنے حالیہ دورہ امریکا کے بعد تفصیلی بریفنگ دی جس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مستقبل کے مواقع پر روشنی ڈالی گئی۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے آر سی سی آئی وفد کی امریکی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ متحرک رابطہ کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کوششیں پاکستان کی معاشی سفارت کاری کو مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ منظم اور کاروبار پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ پائیدار تجارتی ترقی اور صنعتی نمو حاصل کی جا سکے ۔ اجلاس کے دوران آر سی سی آئی وفد نے امریکی قانون سازوں، کاروباری رہنماؤں، چیمبرز آف کامرس اور معاشی ترقی کے اداروں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے اہم نتائج سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ اس دورے کے نتیجے میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات بالخصوص اسٹیل، دوا سازی، طبی آلات، معدنیات، کان کنی اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی سامنے آئی۔ وفد نے کیپٹل ہل پر ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جہاں دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاکستان کے سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے پر بات چیت ہوئی۔