اسلام پورہ :خاتون چور گھر سے ڈیڑھ کروڑ لے اڑی
ملزمہ 35 تولہ زیورات ، اڑھائی لاکھ نقدی لیکرموٹرسائیکل پر فرار ہوگئی دیگر وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے ، موٹرسائیکلوں، گاڑیوں سے محروم
لاہور (کرائم رپورٹر )صوبائی دارالحکومت میں متعدد وارداتوں میں شہریوں کو لاکھوں روپے ، موٹرسائیکلوں، گاڑیوں، فونز ، قیمتی اشیاء سے محروم کردیا گیا۔سٹی ڈویژن کے علاقہ اسلام پورہ آئوٹ فال روڈ پرایک خاتون چور پراپرٹی ڈیلر کے گھر میں گھس کر ڈیڑھ کروڑ سے زائد مالیت کے 35تولہ طلائی زیورات اور اڑھائی لاکھ کی نقدی لے اڑی۔ تفصیلات کے مطابق ڈیڑھ کروڑ کی چوری کی واردات کرنے والی ملزمہ کی منظر عام پر آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آئوٹ فال روڈ کے رہائشی پراپرٹی ڈیلر سلمان منظورکے گھر کا دروازہ کھلا تھاکہ ایک نامعلوم خاتون گھر کے اندر داخل ہوئی اور الماری سے 35 تولہ طلائی زیورات اور 2لاکھ 45ہزار روپے چوری کرلئے ۔خاتون کو گھر کے باہر موٹر سائیکل پر فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے ۔ پولیس کی کارروائی صرف مقدمہ درج کرنے تک محدود ،تاحال خاتون چور کا کوئی سراغ نہیں لگا سکی۔ ادھرڈاکوئوں نے مسلم ٹائون میں زاہد سے 3لاکھ 60ہزار روپے اور موبائل فون،لوہاری میں یونس سے 3 لاکھ 45ہزار روپے اور موبائل فون، نصیر آباد میں ضیا سے 3لاکھ 30ہزار روپے اور موبائل فون، مصطفی أٓباد میں محسن سے 3لاکھ15ہزار روپے اور موبائل فون،ٹائون شپ میں رضا سے 3لاکھ روپے اور موبائل فون و دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا اور فرار ہوگئے ۔ڈیفنس اور گلبرگ سے گاڑیاں جبکہ اقبال ٹائون ،سندر اور شاہدرہ سے موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔