سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہیڈ کوارٹر کی عمارت کاافتتاح
حکومت سارک ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات میں اضافے کی خواہاں، عاطف اکرام
اسلام آباد (اے پی پی)سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہیڈ کوارٹر کی عمارت کا افتتاح کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایس سی سی آئی) کے صدر جاسم الدین نے ہفتہ کو منعقدہ تقریب میں نئی عمارت کا افتتاح کیا جبکہ افتتاحی تقریب میں سارک کے رکن ممالک سے آئے سفارتی اور تجارتی وفود نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ، صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، طارق جدون، کریم عزیز ملک اور ملک سہیل سمیت بزنس لیڈرز بھی شریک ہوئے ۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سارک رکن ممالک سے آنے والے وفود کی تقریب میں شرکت پر ان کا خیرمقدم کیا۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ حکومت پاکستان سارک کے رکن ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات میں اضافے کی خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سارک سی سی آئی پلیٹ فارم سے رکن ممالک کے درمیان باہمی روابط اور تجارتی تعلقات میں اضافے کے خواہاں ہیں۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ اسلام آباد جیسے خوبصورت دارالحکومت کے قلب میں یہ عمارت اس بات کی عکاس ہے کہ حکومت سارک کے پلیٹ فارم کو کس قدر اہمیت دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری رکن ممالک کی بزنس کمیونٹی کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔