جہلم:محمد علی مرزا پر حملہ، پولیس کی جوابی فائرنگ، ملزم ہلاک

جہلم:محمد علی مرزا پر حملہ، پولیس کی جوابی فائرنگ، ملزم ہلاک

نامعلوم ملزم نے قرآن ریسرچ اکیڈمی کے باہر فائرنگ کی،مذہبی سکالر محفوظ رہے حملہ آور موقع پر مارا گیا، شناخت نہ ہو سکی، گولیاں لگنے سے پولیس اہلکار زخمی ہو گیا

جہلم (این این آئی)جہلم کے تھانہ سٹی کی حدود میں مذہبی سکالر انجینئر محمد علی مرزا کی اکیڈمی پر فائرنگ کرنے والا ملزم جوابی کارروائی میں مارا گیا۔جی ٹی ایس چوک میں واقع قرآن ریسرچ اکیڈمی کے باہر فائرنگ کی گئی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک ہوگیا جبکہ پولیس ملازم زخمی ہوا،واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ، مسلح حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی تو اس نے فائرنگ شروع کر دی۔جہلم پولیس نے کہا کہ نامعلوم حملہ آور کو ہلاک کردیا گیا، ملزم کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی، حملہ آور کی شناخت کیلئے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)سے مدد لی جائے گی۔جہلم پولیس کے ترجمان کاشف کیانی نے بتایا کہ انجینئر محمد علی مرزا قرآن و سنت ریسرچ اکیڈمی کے باہر تھے جہاں وہ لیکچر دیتے ہیں ،ایک شخص پستول لے کر احاطے میں آگیا اور زمین پر لیٹ کر فائرنگ شروع کر دی،پولیس نے جوابی کارروائی کی جس سے حملہ آور موقع پر ہی مارا گیا، حملے میں انجینئر محمد علی مرزا محفوظ رہے ،حملے کے دوران عالم دین کی سکیورٹی ٹیم میں شامل ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جسے جہلم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال داخل کرا دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں