عوام کو صاف، محفوظ پانی کی فراہمی اولین ترجیح،وزیراعلیٰ سندھ
حیدرآباد جیسے تیزی سے بڑھتے شہر میں منصوبہ جلد تکمیل تک پہنچایا جائیگا،مرادشاہ 6 ایم جی ڈی ریپڈ گریویٹی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے 22 ایکڑ سے زائد زمین کی منظوری
کراچی (این این آئی) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حیدرآباد میں 6 ایم جی ڈی ریپڈ گریویٹی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے لئے 22 ایکڑ سے زائد سرکاری زمین کی الاٹمنٹ کی منظوری دے دی ، جس کا مقصد قاسم آباد اور ملحقہ علاقوں میں بڑھتی ہوئی پانی کی ضروریات کو پورا کرنا اور فراہمی کو بہتر بنانا ہے ۔یہ فیصلہ انہوں نے وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں وزیر منصوبہ بندی و ترقیات و آبپاشی جام خان شورو، چیف سیکر ٹر ی آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکر ٹر ی خزانہ فیاض جتوئی، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکر ٹر ی آغا واصف اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات جام خان شورو نے بتایا کہ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے اس منصوبے کے لئے اے ڈی پی سکیم کے تحت دیہہ جامشورو، تعلقہ قاسم آباد میں زمین کی الاٹمنٹ کی درخواست کی تھی۔ ضلعی انتظامیہ نے گاؤں مصری شیخ میں تقریباً 25 ایکڑ سرکاری زمین کی نشاندہی کی ، جس میں سے 22 ایکڑ زمین A-1 کیٹیگری میں آتی ہے اور فوری استعمال کے لئے موزوں ہے ۔وزیراعلیٰ نے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے میئر کو 22.14 ایکڑ زمین الاٹ کرنے کی منظوری دے دی تاکہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر جلد عمل میں لائی جاسکے ۔مراد شاہ نے شہری پانی کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ منصوبے کو بروقت مکمل کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت دی کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور مقامی حکام تمام قانونی و انتظامی امور کو تیزی سے مکمل کریں تاکہ تعمیراتی کام تا خیر کا شکار نہ ہو ۔اجلاس کے اختتام پروزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ زمین کے استعمال میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور منصوبے کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ حیدرآباد کے شہریوں کو بروقت فائدہ پہنچایا جا سکے ۔