اگلے سندورکی تیاری کی بات شکست کااعتراف:ماہرین
عبرتناک شکست چھپانے کیلئے بھارتی چیف آف ڈیفنس مضحکہ خیزبیانات دے رہے بھارتی بری، بحری اور فضائی افواج میں موثر ہم آہنگی کا فقدان تاریخی رسوائی کا سبب بنا
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف نے آپریشن سندور میں بدترین شکست کااعتراف کیا ہے ،آپریشن سندور میں عبرتناک شکست چھپانے کی مذموم کوشش کے طور پر بھارتی چیف آف سٹاف مضحکہ خیزبیانات دے رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف کی غیر پراعتماد باڈی لینگویج اور لڑکھڑاتی آواز نے شکست خوردہ ذہنیت عیاں کردی۔بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان نے آپریشن سندورمیں ہزیمت چھپانے کی کوشش کرتے ہوئے کہاکہ آنے والے چیلنجز مختلف ہوں گے ، ہمیں پچھلے سندور کو بھول کر اب اگلے سندور کی تیاری کرنی چاہئے ،بھارتی چیف آف سٹاف کا شکست کا ذمہ دار ٹیکنالوجی کو ٹھہرانا اور نئی ٹیکنالوجی کو واحد حل قرار دینا ہرگز حقیقت پسندانہ موقف نہیں۔
بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف کا اپنی خفت مٹانے کیلئے ٹرائی سروسز ہم آہنگی بہتر بنانے کی بات کرنا دراصل شکست کا برملا اعتراف ہے ۔ماہرین کے مطابق نئے سندور کی بات دراصل اس امر کی غمازی ہے کہ ماضی کی شکست اور ہزیمت کو پس پردہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،تکنیکی پہلوئوں اور ٹیکنالوجی کی آڑ میں غیر موثر کارکردگی کو چھپانے کی کوشش ایک غیرپیشہ ورانہ، شرمناک اور بزدلانہ طرزعمل ہے ۔بھارتی بری، بحری اور فضائی افواج میں موثر ہم آہنگی کا فقدان ہی آپریشن سندور میں بھارت کی تاریخی رسوائی کا سبب بنا۔