مراد سعید کی نااہلی ،سینٹ کی خالی نشست پر الیکشن کا حکم معطل

مراد سعید کی نااہلی ،سینٹ کی خالی  نشست پر الیکشن کا حکم معطل

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی جنرل نشست پر کامیاب امیدوار مراد سعید کی نااہلی اور ڈی نوٹیفکیشن سے متعلق فیصلہ اور خالی قرار دی گئی نشست پر ضمنی الیکشن کا حکم فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔

 الیکشن کمیشن نے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی جلال خان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ جاری کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 25 مارچ 2026 کو جاری ہونے والا وہ حکم، جس کے تحت مراد سعید کو آئین کے آرٹیکل 63 (1) (h) کے تحت نااہل قرار دیتے ہوئے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، اب تا حکم ثانی معطل رہے گا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں گزشتہ روز کیس کی سماعت کے بعد جاری تحریری فیصلے کے مطابق 23 اپریل کو ہونے والا انتخابی عمل اب اگلے احکامات تک روک دیا گیا ہے ، مراد سعید جولائی 2025 میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے ، تاہم انسداد دہشت گردی عدالت سے سزا پانے کے بعد الیکشن کمیشن نے انہیں نااہل قرار دیتے ہوئے ان کی نشست خالی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

اس خالی نشست کو پر کرنے کے لیے الیکشن کمیشن نے دوبارہ پولنگ کا شیڈول جاری کیا جس کے خلاف خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن جلال خان نے درخواست دائر کی تھی،درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر محمد یاسین رضا خان نے کمیشن کے سامنے اہم قانونی نکتہ اٹھایا کہ مراد سعید نے اپنی جیت کے بعد کبھی حلف ہی نہیں اٹھایا تھا اور نہ ہی وہ باقاعدہ طور پر ایوان کا حصہ بنے تھے ،وکیل نے دلیل دی کہ آئین کے آرٹیکل 65 اور 255 کے تحت جب تک کوئی منتخب رکن حلف نہ اٹھا لے ، وہ رکن تصور نہیں ہوتا، جب مراد سعید کبھی قانونی طور پر رکن بنے ہی نہیں تھے ، تو ان کی نشست "خالی" ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اس لیے اس نشست پر ضمنی انتخاب کروانا قانونی طور پر غلط ہے۔

الیکشن کمیشن نے ان دلائل کو ابتدائی طور پر اہم قرار دیتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ اس معاملے پر تفصیلی بحث اور دیگر امیدواروں کا موقف سننا ضروری ہے ۔الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ مراد سعید کی ڈی نوٹیفکیشن اور 23 اپریل کے انتخابی پروگرام کو فوری طور پر معطل رکھا جائے تاکہ پہلے اس آئینی سوال کا فیصلہ کیا جا سکے کہ آیا یہاں قانونی طور پر کوئی نشست خالی ہوئی بھی ہے یا نہیں۔ الیکشن کمیشن نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی اگلی سماعت 7 مئی تک ملتوی کر دی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں