وفاق کا چیف سیکرٹری کو خط، ‘‘اڑان پاکستان’’ پر رپورٹ طلب
تمام اہداف، عملدرآمد کی صورتحال، نتائج اور چیلنجز بتائے جائیں:وفاقی حکومت خط صوبوں کی معاشی کارکردگی کو مربوط انداز میں جانچنے کے فریم ورک کا حصہ:ذرائع
لاہور (محمد حسن رضا سے ) وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کی معاشی کارکردگی کا باضابطہ جائزہ لینے کا عمل شروع کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کو ایک اہم خط ارسال کر دیا ہے ، جس میں ‘‘اڑان پاکستان’’ پروگرام کے تحت مقررہ اہداف پر تفصیلی پیشرفت رپورٹ طلب کر لی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ خط وفاقی سطح پر جاری ایک جامع فریم ورک کا حصہ ہے ، جس کے تحت تمام صوبوں کی معاشی کارکردگی کو مربوط انداز میں جانچا جا رہا ہے ۔ پنجاب سے بالخصوص ایکسپورٹس، توانائی، ماحولیات اور معاشی برابری جیسے کلیدی شعبوں میں ہونے والی پیشرفت کی مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ اڑان پاکستان کے تحت صوبے کو دئیے گئے تمام اہداف، ان پر عملدرآمد کی موجودہ صورتحال، حاصل شدہ نتائج اور درپیش چیلنجز کو جامع رپورٹ کی صورت میں مرتب کر کے وفاق کو ارسال کیا جائے۔
رپورٹ میں ترقیاتی اقدامات کے ساتھ ان کے عملی اثرات، کارکردگی کے اشاریے اور آئندہ کی حکمت عملی بھی شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق نے پہلی مرتبہ صوبوں کی معاشی کارکردگی جانچنے کے لیے واضح پیرامیٹرز مقرر کیے ہیں۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سالانہ پلان 2026-27 کی تیاری میں صوبائی کارکردگی کو کلیدی بنیاد بنایا جائے گا۔وفاقی حکومت نے اس عمل کو محض رسمی کارروائی کے بجائے ایک باقاعدہ مانیٹرنگ سسٹم کا حصہ قرار دیا ہے ، جس کے تحت ‘‘اڑان پاکستان’’ کے اہداف کے حصول کا باقاعدہ جائزہ اور احتساب بھی کیا جائے گا۔ یہ پہلا بڑا باضابطہ جائزہ تصور کیا جا رہا ہے جس میں صوبوں کی کارکردگی کو تفصیل سے پرکھا جائے گا۔