مہنگائی میں بتدریج استحکام آ رہا
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا ہفتہ وار اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی دبائو کے باوجود ملک میں فرٹیلائزر کی قیمتوں کا مستحکم رہنا خوش آئند ہے ، حکومتی اقدامات کے باعث مہنگائی میں بتدریج استحکام آ رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ نہیں ہوا ، مرغی کی قیمتیں خلیج جنگ سے پہلی صورتحال پر آگئیں ۔ احسن اقبال نے کہا کہ پولٹری سیکٹر میں قیمتوں کے استحکام کے لیے کولڈ چین انفراسٹرکچر کا قیام ناگزیر ہے ۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ کولڈچین سے متعلق تجاویز پانچ دن میں مرتب کی جائیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ دیہی علاقوں میں غیر معیاری گھی اور دیگر اشیائے خوردونوش کی بھرمار پر قابو پانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں، قیمتوں میں استحکام کے لئے تمام صوبائی اور وفاقی ادارے چوکس رہیں اور اشیائے ضروریہ کا وافر ذخیرہ یقینی بنایا جائے ۔