پاکستان نے مذاکرات سے تنازعات کے حل کی نئی امید کو جنم دیا:مریم نواز
سفارت کاری سے ہی امن،تجارت،سیاحت کو فروغ دیا جاسکتا ،وزیراعظم ، فیلڈ مارشل کو خراج تحسین ممکنہ عالمی جنگ رکوائی ،کروڑوں زندگیاں بچائیں :سفارت کاری کے عالمی دن پر پیغام
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ حالات میں سفارت کاری کے ذریعے ایک نئی امید کو جنم دیا ہے کہ معاملات اور تنازعات کا حل سفارت کاری ہے ، پاکستان کا یہ موقف پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے ،سفارت کاری سے ہی پوری دنیا میں امن،تجارت اور سیاحت کو فروغ دیا جاسکتا ہے ، امن کیلئے کثیرالجہتی اور سفارت کاری کے عالمی دن پراپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے حالیہ عالمی بحران میں کامیاب سفارت کاری پروزیراعظم شہباز شریف، ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا ، عالمی امن کے لئے پاکستانی سفارت کاروں کی محنت اور کردار کو سراہا،وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کی بدولت ممکنہ عالمی جنگ رکواکر کروڑوں انسانی زندگیوں کو بچایا گیا ہے ، مسئلہ کشمیر کا حل بھی مثبت سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے ،موسمیاتی تبدیلی، غربت اور تنازعات کے حل کے لیے اجتماعی کوشش سفارت کاری سے ہی عملی شکل اختیار کر سکتی ہے ۔ حالیہ عالمی بحران میں کامیاب سفارت کاری نے پاکستان کو ایک ذمہ دار عالمی ریاست کے طور پر مزید مضبوط کیا ہے ،دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے ضلع خیبر میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کوخراج تحسین پیش کیاہے ،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے 22 دہشتگردجہنم واصل کرنے پرسکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا،انہوں نے شہید ہونے والے 10 سالہ بچے کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت بھی کی۔